وزارت مذہبی امور نے ہارڈ شپ کوٹے کے حقدار سائیلین کے مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا

سیکشن آفیسر سے لیکرسیکرٹری کے کمرے تک سائلین ذلیل و خوار ہونے لگے

بدھ 27 جون 2018 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) وزارت مذہبی امور نے ہارڈ شپ کوٹے کے حقدار سینکڑوں سائیلین کے مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے ،وزارت کے دفتر میں سیکشن آفیسر سے لیکرسیکرٹری کے کمرے تک دور دراز علاقوں سے آئے سائلین ذلیل و خوار ہونے لگے ہیں ،وزارت کے افسران نے سرکاری پالیسی کے برخلاف سرکاری حج قرعہ اندازمیں کامیاب ہونے والے افراد کی جگہ ان کے متبادل کو حج پر بھجوانے پر بھی خود ساختہ پابندی عائد کر نے کے بعدمخصوص مافیا نے سرکاری حج سکیم میں نام شامل کروانے کیلئے درخواست گزاروں سے نذرانوں کی وصولیاں شروع کر دی ہیں ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے حج سیکشن میں اس وقت ہارڈ شپ کوٹے کے حقدار سینکڑوں مرد خواتین کی درخواستیں گذشتہ کئی ہفتوں میں التوا کا شکار ہیں اور سائلیں صبح سے لیکر شام تک وزارت کے ایک کمرے سے لیکر دوسرے کمرے تک چکر لگانے پر مجبور ہوچکے ہیں وزارت کے افسران نے 14جون کے بعد سرکاری حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے افراد جو بیماری یا کسی بھی وجہ سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے نہیں جا سکتے ہیں کی جگہ پر پالیسی کے مطابق ان کے خونی رشتہ داروں کو بھی بھجوانے پر بھی خود ساختہ پابندی عائد کر دی ہے وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سرکاری حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے 800کے قریب افراد نے حج پر جانے سے معذوری کا اظہار کیا ہے اور ان تمام افراد کی درخوستیں وزارت کو موصول ہوچکی ہیں تاہم اس کے باوجود وزارت کے حکام ان افراد کی جانب سے حج پالیسی کے مطابق متبادل افراد کو فریضہ حج پر بھجوانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اور انہیں وزارت کے مختلف سیکشنوں میں ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے ذرائع کے مطابق وزارت کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والے بعض بنکوں کے اہلکاروں اور وزارت کے ارد گرد منڈلانے والے ٹائوٹوں نے سادہ لوح افراد سے سرکاری حج سکیم میں نام شامل کروانے کے بدلے بھاری نذرانے بھی طلب کر نا شروع کر دئیے ہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔اعجاز خان

متعلقہ عنوان :