آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کا فائونٹین ہائوس کا دورہ ،ریس کورس تھانے کا بھی سرپرائز وزٹ، عملے کی کارکردگی اور ڈیوٹی چارٹ کا جائزہ لیا

بدھ 27 جون 2018 21:46

آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام کا فائونٹین ہائوس کا دورہ ،ریس کورس ..
لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے فاؤنٹین ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبراور پی ایس او ٹو آئی جی افضال احمد کوثر بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے ۔فاؤنٹین ہاؤس انتظامیہ نے آئی جی پنجاب کوادارے کے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ آئی جی پنجاب نے فاؤنٹین ہاؤس میں ویمن وارڈ، آرٹ تھراپی سنٹر اور لائبریری کا دورہ بھی کیااور وہاں موجود بزرگ خواتین، خواجہ سرا ئوں سمیت دیگر مکینوںسے انکی خیریت دریافت کی ۔

آئی جی پنجاب نے اس موقع پر منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فاؤنٹین ہاؤس سماجی مسائل کے شکار دکھی انسانوں کی بہترین خدمت کر رہا ہے اور یہاں کا انتظام اور سہولیات کامعیار انتہائی تسلی بخش ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کے لئے بحالی کے بعد معاشرہ میں واپس جا کر اپنی جگہ بنانا اور معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی ایک اہم چیلنج ہوتا ہے اور مجھے یہ دیکھ کر ازحد خوشی اور اطمینان ہوا کہ فاؤنٹین ہاؤس کی انتظامیہ اس اہم مسئلہ سے غافل نہیں ہے بلکہ علاج کے ساتھ فاؤنٹین ہاؤس میں مختلف ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں تاکہ یہ افراد اپنے لئے باعزت روزگار کمائیں اور معاشرہ کے ذمہ دار فرد کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔

آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ فاؤنٹین ہاؤس میں مقیم افراد کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات انتہائی ماہر اور کوالیفائیڈ عملہ کی زیر نگرانی مہیا کی جارہی ہیں ،جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے۔انہوںنے انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ اس اہم سماجی خدمت کی ادائیگی میں محکمہ پولیس کی طرف سے فاؤنٹین ہاؤس کی انتظامیہ کو مکمل تعاون ہمہ وقت میسر رہے گا۔

دورے کے اختتام پرآئی جی پنجاب نے فائونٹین ہائوس مینجمنٹ کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری سووینئیرپیش کیا جبکہ انہوں نے فاؤنٹین ہاؤس میں زیر علاج مریضوں کی جانب سے تیار کردہ مصوری کے فن پارے آئی جی پنجاب کو تحفے میں پیش کئے ۔واپسی پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے فائونٹین ہائوس وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے ریس کورس پولیس اسٹیشنز کا سرپرائز وزٹ کیا اور فرنٹ ڈیسک سمیت تھانے میں موجود دیگر سٹاف کی کارکردگی اور ڈیوٹی چارٹ کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر افسران و اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ تھانوں میں موجود افسران واہلکار خوش اخلاقی کو اپنا شعار بناتے ہوئے عوام کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کریں ۔ انہوںنے تاکید کی کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں تاخیر نہ کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے ساتھ نا مناسب رویہ رکھنے والے افسران واہلکار کسی رعائت کے مستحق نہیں لہذا تھانے میں آنے والے ہر شخص کی بات مکمل توجہ سے سنی جائے ۔