Live Updates

زیر زمین پانی کا اثاثہ آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ کیا جائے۔آمنہ عمران خان

نہری پانی قابل استعمال بنانے کے لئے پلانٹ نصب کرنے کا منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے

بدھ 27 جون 2018 21:58

لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ زیر زمین پانی کے اثاثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کی خاطر جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کام کیاجائے۔نہری پانی کو صاف کر کے قابل استعمال بنانے کے لئے پلانٹ نصب کرنے کا منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے۔پانی کاضیاع روکنے کے لئے شہریوں میں شعور اجاگر کیاجائے اور اس کی زیر زمین سطح میں کمی روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں‘پانی کی سطح میں بہتری کے لئے واٹر ہارویسٹنگ شروع کی جائے‘نئی رہائشی سکیموں کی ٹائون پلاننگ کے دوران واٹر پلاننگ پر خصوصی دی جائے اور ان سکیموں کو پانی کا ذخیرہ کرنے کا پابند بنایاجائے۔

انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشنوں اور ان کے نواحی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

واسا ہیڈ آفس کے دورے کے دوران منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی ہدایت کی جائے اور واسا کے علاوہ دیگر اداروں اور افراد کی طرف سے نصب کئے جانے والے ٹیوب ویلوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے قوانین وضع کئے جائیں۔

اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو واسا کے انتظامی ڈھانچے ‘ترقیاتی سکیموں‘ فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں اور آپریشنز اینڈ مینٹی نینس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور واسا کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی‘آئندہ اہداف اور نظام میں اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پرلاہور میں پانی کی فراہمی کی موجودہ صورتحال‘ آئندہ انتظامات اور واسا کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ڈاکیو مینٹری بھی دکھائی گئی ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو مون سون ہوائوں کے انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔انہیں بتایاگیا کہ موسم برسات کے دوران حساس علاقوں سے جلد از جلد نکاسی آب یقینی بنانے کے لئے شہر میں 35مقامات پر ایمرجنسی کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے واسا کی طرف سے مون سون کے دوران نکاسی آب کے لئے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ واسا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ چیف ٹائون پلانر ایل ڈی اے سید ندیم اختر زیدی‘چیف میٹرو پولیٹن پلانر شکیل انجم منہاس ‘ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز واسا نوید اظہر ‘اسلم نیازی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات