کراچی،نگران صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت کا آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ

بلاشبہ آرٹس کونسل ایک تاریخ ساز ادارہ ہے، ڈاکٹر جنید شاہ

بدھ 27 جون 2018 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت ڈاکٹر جنید شاہ نے منگل کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا، صدر محمد احمد شاہ اور اراکین گورننگ باڈی سے ملاقات کی۔انہوں نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ آرٹس کونسل کی مختلف اکیڈیمی اور نیو بلڈنگ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی نے فن و ثقافت کی ترویج شہریوں کے لئے تفریحی پروگراموں کا انعقاد اور نوجونوں کو فنی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان تمام اقدامات میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی کاوشیں بے مثال رہی ہیں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ آرٹس کونسل ایک تاریخ ساز ادارہ ہے اور فن و ثقافت کی ترویج میں اس ادارے کاہمیشہ اہم کردار رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محمد حمد شاہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی سربراہی میںآرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے ترقی کے کئی مراحل طے کئے ہیں اور یہ ادارہ بہتری کی طرف گامزن ہے۔

ڈاکٹر جنید شاہ نے حکومت سندھ کی جانب سے تمام آرٹسٹوں کی معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت فن و ثقافت کو ترقی دینے کے لیے کوشاں ہے اور اسکے پیش نظر شہر کے وہ تمام آرٹسٹ جو بیماری سمیت کسی بھی مشکل میں ہیں ان کی ہر ممکن مالی امداد اور معاونت کی جائے گی۔#