حافظ آباد ، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد امن وامان کے قیام اور الیکشن کے شفاف انعقاد کی ضمانت ہے، عدنان ارشد اولکھ

تمام امید واروں سے بجا طور پر یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ قیام امن کے سلسلہ میں مکمل اور غیر مشروط تعاون کرتے ہوئے حکومتی اداروں کو اس اہم قومی فریضہ کی ادائیگی میں بھر پور معاونت کریں گے،ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او حافظ آباد کی وضاحت

بدھ 27 جون 2018 22:47

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عدنان ارشد اولکھ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد سیف اللہ خان نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امید واروں اور انکے نمائیندوں پر واضح کیاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد امن وامان کے قیام اور الیکشن کے شفاف انعقاد کی ضمانت ہے اور تمام امید واروں سے بجا طور پر یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ قیام امن کے سلسلہ میں مکمل اور غیر مشروط تعاون کرتے ہوئے حکومتی اداروں کو اس اہم قومی فریضہ کی ادائیگی میں بھر پور معاونت کریں گے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ڈی سی اور ڈی پی او نے کہاکہ اسلحہ کی سرعام نمائش ،لائوڈ اسپیکر کے استعمال ،وال چاکنگ اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دیگر تمام شقوں پر بلا تفریق اور بلا رورعایت عمل درآمد کرایا جائیگا اور تما م سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ یکساں غیر جانبداری برتی جائیگی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے امیدواروں پر یہ بھی واضح کیا کہ انتخابی مہم کے دوران جلسے ،جلوسوں اور ریلیوں پر بھی مکمل پابندی ہو گی اور بلا اجازت ان کے انعقاد پر قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ کارنر میٹنگوں کے دوران چار دیوری کے اندر ڈیک کے استعمال کی اجازت ہو گی جبکہ پبلسٹی میٹریل کے ذریعے تشہیر کے لئے بھی مقررہ قواعد وضوابط کی پابندی لازم ہو گی انہوں نے کہاکہ مقررہ سائز سے بڑے اشتہار ی میٹریل کو ہٹایا جارہاہے اور اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹیوں کو متحرک کر دیاگیاہے انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ مکمل غیر جانبداری کے ساتھ قانون اور آئین کے مطابق اپنے فرائض کی سر انجام کو یقینی بنائے گی اور اس سلسلہ میں سیاسی زعماء اور امیدواروں کے تعاون پر انکی شکر گزار ہو گی ۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاک آرمی کے افسران اور جوان بھی الیکشن کے دوران امن وامان کے قیام کے لئے فیلڈ میں موجود ہو نگے جبکہ الیکشن کمیشن کے طے کردہ طریقہ کار کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر بھی فوجی جوان تعینات ہونگے جو انتخابی عمل کو شفاف ،آزاد اور منصفانہ بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے ۔اجلاس میں شریک امیدواروں اور انکے نمائیندوں نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کے سلسلہ میں مکمل تعاون کریں گے اور قیام امن کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے ہو اس اہم قومی فریضہ کے خوشگوار تکمیل ممکن بنائیں گے ۔