ڈی آئی خان، ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بننے والے ایگل پولیس سکواڈ کے اہلکار ظفر علی شاہ کی نماز جنازہ

بدھ 27 جون 2018 22:47

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) محلہ لال شاہ سٹی ڈیرہ میں نامعلوم دہشت گردوں کی ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بننے والے ایگل پولیس سکواڈ کے اہلکار ظفر علی شاہ کی نماز جنازہ کوٹلی امام حسین میں ادا کرکے اسے سپرد خاک کردیا گیا،جنازے کے دوران سیکورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ، واقعہ میں زخمی پولیس اہلکار ذوالفقار کی حالت خطرے سے باہرہے ،محکمہ انسداد دہشت گردی ڈیرہ نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔

تھانہ سٹی کی حدود محلہ لال شاہ میں واقع امام بارگاہ پرپولیس ایگل سکواڈپولیس اہلکارظفر علی شاہ سکنہ بستی میکن اور ذوالفقار سکنہ ظفرآبادموجود تھے کہ منگل کی شب آٹھ جونہی لوڈشیڈنگ کے دوران بجلی بند ہوئی اس دوران نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے دونوں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا لیکن ایک زخمی پولیس اہلکار ظفر علی شاہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔

واقعہ کے اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ میں شرچ آپریشن شروع کر کے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ا نہیں چھان بین کے لئے نامعلوم مقام پر منقل کردیاگیا ہے۔پولیس اہلکار ظفر علی شاہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز کوٹلی امام حسین میں ادا کرکے اسے سپرد خاک کردیاگیا ہے ۔اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے پولیس اہلکار ذوالفقار کے کامیاب آپریشن کی حالت اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی ڈیرہ نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل ،اقدام قتل ،پولیس پر حملہ آور ہونے اور دہشتگردی دفعات سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔