ترک صدر رجب طیب اردوان کی فتح اسلام پسندوں کی فتح ہے، وفاق المدارس العربیہ پاکستان

بدھ 27 جون 2018 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی فتح اسلام پسندوں کی فتح ہے، ترک عوام نے ثابت کر دیا کہ اسلامی رجحانات کو کسی جبر اور بیرونی ایجنڈے کے تحت نہیں روکا جا سکتا، ترکی کی صورتحال سے سبق سیکھ کر پاکستان کے اسلام پسند حلقوں کو بھی تعلیم اور تعمیر و ترقی پر توجہ دینی ہوگی، خوشی کے اس موقع پر ترک بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر، مولانا انوار الحق، مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے ترکی کے انتخابات میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی کامیابی پر اپنے تہنیتی بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے رجب طیب اردوان کی فتح کو دنیا بھر کے اسلام پسندوں کی فتح قرار دیا اور کہا کہ ترک عوام نے ثابت کر دیا کہ اسلامی رجحانات کو کسی جبر اور کسی بیرونی ایجنڈے کے تحت نہیں روکا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ترک صدر کی فتح کے نہ صرف ترکی بلکہ عالمی سطح پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ ترکی کی تعمیر وترقی اور تعلیمی میدان میں خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی وضع کرنی چاہئے۔ وفاق المدارس کے قائدین نے فتح اور خوشی کے اس موقع پر ترک بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔