پاکستان اور چین کے تعلقات اقتصادی اور تجارتی سطح پر مزید مستحکم ہو گئے ہیں، پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی نئی روایات ڈالنے سے باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھا سکیں گی

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی چین کی کمپنیوں کے وفد سے گفتگو

بدھ جون 22:58

پاکستان اور چین کے تعلقات اقتصادی اور تجارتی سطح پر مزید مستحکم ہو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے اوریہ روابط وقت گزرنے کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی سطح پر مزید مستحکم ہو گئے ہیں، پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی نئی روایات ڈالنے سے باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھا سکیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو چین کی کمپنیوں کے ایک وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں مشترکہ منصوبوں کیلئے ماحول انتہائی ساز گار ہے، گوادر اور پسنی میں مختلف منصوبوں پر کام کیا جا سکتا ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا اور خاص طور پر ماہی پروری کے شعبہ میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ سماجی و اقتصادی تعاون پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پورا اتری ہے۔ چینی وفد کے سربراہ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے پاس طب کے شعبہ میں وسیع مہارت موجود ہے اور پاکستان میں ہسپتالوں اور صحت کے مراکز کو آلات فراہم کئے جا سکتے ہیں اور اس شعبہ میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔