Live Updates

عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کا عمل مکمل ہو گیا

بدھ 27 جون 2018 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کا عمل مکمل ہو گیا، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقہ این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری، چکوال سے سردار غلام عباس کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیئے گئے، امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست (آج) جمعرات کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری انتخابی شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں بدھ کو اپیلٹ ٹربیونلز کی جانب سے نمٹا دی گئی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو این اے 53 اسلام آباد اور بنوں سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیدی گئی۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست (آج) جمعرات کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی 29 جون کو واپس لئے جا سکیں گے، اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست شائع ہو گی جبکہ 30 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے پولنگ 25 جولائی کو ہو گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات