حیدرآباد، سندھ کے ہر حلقے سے عوام پیپلزپارٹی ہی کے اُمیدوار کو کامیاب کرائیں گے،عبدالجبار خان

پیپلزپارٹی نے جھوٹے وعدے اور دعوؤں کے بجائے عملی کام کئے ہیں جس کے ثمرات سندھ کے عوام کو براہ راست پہنچ رہے ہیں، رہنماء پیپلزپارٹی

بدھ 27 جون 2018 23:13

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اور حیدرآبادکے حلقہ پی ایس 64سے پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ سندھ کے ہر حلقے سے عوام پیپلزپارٹی ہی کے اُمیدوار کو کامیاب کرائیں گے۔ کیونکہ پیپلزپارٹی نے جھوٹے وعدے اور دعوؤں کے بجائے عملی کام کئے ہیں جس کے ثمرات سندھ کے عوام کو براہ راست پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج وہ لوگ بھی سندھ کے عوام اور سندھ کے مسائل کی بات کررہے ہیں جو برسہا برس سے اس صورتحال سے لاتعلق رہے اور اب جبکہ انتخابات قریب آگئے ہیں تو انہیں سندھ کے عوام کا درد ستارہا ہے۔ اس مرتبہ سندھ کے باشعور عوام بہروپیوں اور موقع پرستوں کو ناصرف مسترد کریں گے بلکہ اس قدر عبرتناک شکست دیںگے کہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد سمیت شہری علاقوں میں عوام کو گمراہ کرنے اور بیوقوف بنانے والے اب بے نقاب ہوگئے ہیں کیونکہ30 سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیااور عوام آج بھی بے یارومددگار ہیں، اس کے برعکس پیپلزپارٹی نے غریب عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی اور آج بھی سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی و صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں میں پیپلزپارٹی کے انتخابی نشان تیر پر مہر لگاکر سندھ کی خوشحالی کیلئے معاونت فراہم کریں۔