الیکشن کمیشن کا محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر کی معطلی کا نوٹس

سیکرٹری زراعت پنجاب کو انکوائری سمیت 2جولائی کو طلب کرلیا

بدھ 27 جون 2018 23:13

الیکشن کمیشن کا محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر کی معطلی کا نوٹس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر کو معطل کئے جانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب کو انکوائری سمیت 2جولائی کو طلب کر لیا ہے ، بدھ کے روز الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے محکمہ زراعت بہاولپور کے ڈائریکٹر غلام حسین کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے دی جانے والی درخواست کی سماعت کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار غلام حسین اور محکمہ زراعت کی جانب سے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اس موقع پر درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ میں نے بہاولپور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ریٹرنگ افسر کے فرائض انجام دئیے تھے تاہم حلقے کے ایم پی اے اور صوبائی وزیر نے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مجھے معطل کرا دیا تھا انہوں نے کہاکہ گزشتہ چودہ ماہ سے معطل ہوں جس پر ممبر سندھ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کون سے گریڈ میں ہیں اور کس وزیر نے آپ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہے جس پر درخواست گزار نے بتایاکہ میں زراعت کے محکمہ میں ڈائریکٹر اور انیس گریڈ کا افسر ہوںحلقے سے منتخب اور صوبائی وزیر ملک اقبال نے مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہے انہوں نے بتایاکہ بلدیاتی انتخابات دوہزار پندرہ اور سولہ میں ریٹرنگ افسر تھا اور حلقے میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی بھی کرائی تھی انہوں نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ مجھے محکمے میں دوبارہ بحال کیا جائے جس پر الیکشن کمیشن نے سیکریٹری زراعت کو طلبی کا نوٹس جاری کر تے ہوئے انکوائری مکمل کر کے دو جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔

۔۔۔۔اعجاز خان