ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنا اولین ترجیح ہوگی۔ محمد حسین محنتی

بدھ 27 جون 2018 23:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل (ایم ایم ای) کے حلقہ این اے 247 سے نامزد امیدوار محمد حسین محنتی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جس میں شہر کے اہم تجارتی مرکز صدر بازار اور بزرٹہ لائن شامل ہیں۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق علاوہ ازیں ڈیفنس میں معززین وآئمہ مساجد و علما کرام کے وفد سے مرکزی الیکشن آفس میں ملاقاتیں بھی کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے برسر اقتدار آکر سب سے پہلے ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کریں گے اور امداد و بیرونی قرضوں سے نجات دلائیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس110 عبد القادر نورانی نے کہا کہ، ایم ایم اے اقتدار میں آکر کراچی کی اصل حیثیت کو بحال کرے گی۔