موک ایکسر سائز میں متعلقہ اداروں کی کار کردگی لائق تحسین ہے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 27 جون 2018 23:25

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنررضوان نذیر نے کہا ہے کہ کسی بھی ناگہانی آفت اور مشکل حالات میں لوگوں کی جان و ما ل بچانے کیلئے سرکاری ادارو ں کی مربوط کاوشوں کی جانچ ،باہمی ربط و رابطہ اور پورے استعداد کار کو بروئے کار لانے کیلئے موک ایکسر سائز بہترین طریقہ کار ہے، ریسکیو 1122کے زیر اہتمام لوئر باری دو آب پر ہونیوالی موک ایکسر سائز میں تمام متعلقہ اداروں کی کار کردگی لائق تحسین ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نہر لوئر باری دو آب پر ریسکیو 1122کی جانب سے کی جانیوالی موک ایکسر سائز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ریسکیو 1122کے جوانوں نے سیلاب کی صورت ،حالات اور لوگوں کو ان کے سامان اور مال مویشیوں سمیت ریسکیو کرنے کا عملی مظاہرہ کیا ،نہر میں ریسکیو 1122کے جوانوں نے موٹر بوٹس کے ذریعے ڈپٹی کمشنررضوان نذیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا ،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے محکمہ لائیو سٹاک ،محکمہ صحت ،ایدھی ویلفیئر ،محکمہ زراعت ،محکمہ سول ڈیفنس ،بلدیہ اوکاڑہ اورفائر بریگیڈ سمیت متعلقہ محکموں کے امدادی سٹالز کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے بھر پور تیاریاں اور تمام ضروری مشینری کو بھی چالو حالت میں رکھیں ،اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے سرکاری اداروں کے افسران اور محکموں کو دی جانیو الی تربیت اور سیلابی صورتحال سمیت دیگر آفات سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کے متعلق بتایا، انہوں نے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کے انخلاء، ان کے کیمپوں میں عارضی قیام اور عارضی رہائشوں کے بنائے جانے اور دیگر انتظامات سے متعلق بھی بریفنگ دی ۔