ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ضلع کے ہر صوبائی حلقہ کی سطح پر مانیٹرنگ ٹیم بنائی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 27 جون 2018 23:25

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) عام انتخابات 2018ء کو صاف شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے الیکشن کمشنر کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا، یہ بات ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قیصر سلیم نے عام انتخابات کے سلسلے میںممبران مانیٹرنگ ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں متعلقہ افسران سمیت ممبران مانیٹرنگ ٹیم نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدآمد کیلئے ضلع کے ہر پی پی حلقہ کی سطح پر مانیٹرنگ ٹیم بنائی گئی ہے، ممبران مانیٹرنگ ٹیم اپنے اپنے حلقہ میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے سول سوسائٹی کے نمائندوں، حلقے کی عوام اور میڈیا کے نمائندگان سے رابطہ قائم کریں اور کسی بھی غیر قانونی اقدام پر فوری طور پر کارروائی کی جائے اور اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جائے ، اجلاس میں ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ ضلع میں شفاف انتخا بات کے انعقاد کیلئے محکمہ پولیس کے افسران اور اہلکاران ہمیشہ کی طرح اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری احسن طریقے سرانجام دیں گے اور ایک غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کریگی۔