ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ضلع بھر کی صفائی اور الیکشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس

بدھ 27 جون 2018 23:26

چنیوٹ۔27جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر خضر افضال چوہدری کی زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنرز، چیئرمینز، سی اوز میونسپل کمیٹی و ضلع کونسل کے ساتھ ضلع بھر کی صفائی اور الیکشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام چیئر مین و سی اوز نے اپنے اپنے علاقہ میں صفائی و دیگر علاقائی مسائل کی صورتحال پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی اور فنڈز کی کمی کے حوالے سے بتایا ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکا ء سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ہمارے ضلع میںسٹاف کی کمی ہے، مگر ہم نے کل سے ہی اپنا کام شروع کرنا اور ضلع بھر میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے، الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آپ غیر جانبدار ہوکر کام کریں اور الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہر گز نہ کرنے دیں، شہر کی دیواریں صاف اور ان پر کسی بھی امیدوار کا پوسٹر وغیرہ چسپاں نہیں ہونا چاہیے، علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ فلڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں تمام متعلقہ اداروں کے سر براہان نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر کو ویڈیو سلائڈ کے ذریعے بریفنگ دی گئی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے بتایا کہ ہمارے پاس ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل ہیں، مگر ہمیں سا مان کو سٹور کرنے کیلئے جگہ درکار ہے ،انہوں نے دیگر معاملات کے حوالے سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے اے ڈی سی آر چنیوٹ کو ہدایات دیں، ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران فلڈ کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ کوآرڈینیٹ کریں، ڈپٹی کمشنر نے الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کے حوالے سے تحصیل بھوانہ کا دورہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر نعیم افضل کو مناسب ہدایات کیں ۔