وزیر اعلیٰ تعلیمی روڈ میپ پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران تندہی سے فرائض سرانجام دیں،ڈپٹی کمشنر

بدھ 27 جون 2018 23:26

جھنگ ۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ تعلیمی روڈ میپ پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران تندہی سے فرائض سرانجام دیں۔ تعلیمی اداروں میں تمام تر توجہ طالب علموں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر موکوز ہونی چاہیے ۔ کارکردگی نہ دکھانے والے اساتذہ اور ایجوکیشن آفیسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے محکمہ تعلیم کی کارکردگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرمحمد آصف اقبال، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سہیل اظہر، ڈی او ز ، ڈپٹی ڈی اوز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرزبھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکولوں میں تعلیمی ہدف پورا کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ محنت اور عزم سے کام کریں۔

تعلیمی پالیسی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے محنت اور جذبہ کی ضرورت ہے ۔ ایجوکیشن افسران ایمانداری اور قومی جذبہ کے تحت کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اے ای اوز اپنا ٹارگٹ پورا کریں اور تعلیمی ہدف پورا نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنرحافظ شوکت علی نے محکمہ تعلیم کے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ سکولوں میں بنیادی سہولیات چار دیواری، ٹائلٹ ،بجلی اور صاف پانی کی فراہمی کے حوالہ سے تمام میسر وسائل بروئے کارلائے اس ضمن میں کسی قسم کی سستی اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرمحمد آصف اقبال نے تعلیمی کارکردگی اور دیگر انتظامی امورکے حوالہ سے تفصیل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر نے 90فیصد ہدف مکمل کیا جبکہ سکولوں میں 97فیصد داخلہ کی شرح رہی۔انہوںنے مزید بتایا کہ سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کی حاضری کی شرح میں بھی بہتری آئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم کے افسران اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہرگز سستی نہ کریں اس ضمن میں بہتر کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔