پرنٹنگ پریس مالکان اشاعتی مواد کیلئے پاکستان الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں، ضلعی انتظامیہ

بدھ 27 جون 2018 23:28

فیصل آباد۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پرنٹنگ پریس مالکان سے کہا گیاہے کہ وہ امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں اشاعتی مواد کے لئے پاکستان الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور مقررہ سے زیادہ سائز کے پوسٹرز،بینرزیا پوٹریٹس پرنٹ نہ کئے جائیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرنٹنگ پریس مالکان کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جسکی صدارت ڈپٹی کمشنر سید احمدفواد نے کی۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد شاہد اورمیاں آفتاب احمد بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ وہ انتخابی مہم کے لئے مواد کی اشاعت کے سلسلے میں تعاون کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی شرائط وضابطوں کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جنرل الیکشن میں امیدواروں کو انتخابی مہم کے سلسلے میں صرف 18x23انچ سائز کے پوسٹر،6x9انچ سائز کے ہینڈبل/پمفلٹس/لیف لیٹس،9x3فٹ کے بینرز اور2x3فٹ کے پوٹریٹس آویزاں کرنے کی اجازت دی گئی ہے لہذا امیدواروں کے ساتھ ساتھ پرنٹنگ پریس کے مالکان بھی ان ضوابط کی پابندی کریں اوربینرز،پوسٹرز،ہینڈبلز/پمفلٹس اورپوٹریٹس پر اپنے پرنٹنگ پریس کانام اورپتہ ضرور درج کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ انتخابی مہم میں تشہیر کے لئے ہورڈنگز،بل بورڈز،وال چاکنگ اور ہر سائز کے پینا فلیکس کی بھی ممانعت کی گئی ہے جسکی خلاف ورزی بھی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ مانیٹرنگ افسران کی طرف سے پوسٹرز/بینرزوغیرہ کو چیک کیا جارہا ہے اور مقررہ سے بڑے سائز کے پوسٹرز،بینرز کو اتروانے کی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے تاہم بڑے سائز کے پوسٹرز اور بینرز شائع کرنے سے باز رہا جائے بصورت دیگر خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔