پیپلز پارٹی پر بھی تلوار چل گئی، 2 سابق وزرا کو نااہل قرار دے دیا گیا

منظور وسان کے پی ایس 27 سے جبکہ نثار کھوڑو کے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 سے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 27 جون 2018 21:33

پیپلز پارٹی پر بھی تلوار چل گئی، 2 سابق وزرا کو نااہل قرار دے دیا گیا
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) پیپلز پارٹی پر بھی تلوار چل گئی، 2 سابق وزرا کو نااہل قرار دے دیا گیا، منظور وسان کے پی ایس 27 سے جبکہ  نثار کھوڑو کے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 سے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے لیے امیدوار منظور وسان کے کاغذات نامزدگی ایپلٹ ٹریبونل نے مسترد کردئیے۔

منظور وسان نے خیرپور کی صوبائی نشست پی ایس 27 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جس کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل نے اعتراض پر سماعت کے بعد اسے مسترد کردیا۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ ان کے نامزدگی فارم کیوں مسترد کیے گئے ہیں، جب کہ وہ تمام اثاثے ظاہر کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

منظور وسان نے اعلان کیا کہ کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔

2013 کے عام انتخابات میں منظور وسان نے خیرپور کی صوبائی نشست پی ایس 32 خیرپور 4 سے 44 ہزار گیارہ ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے مسلم لیگ فنکشنل کے امیدوار میر شاہنواز خان تالپور کو شکست دی تھی جو 32 ہزار 174 ووٹ حاصل کر سکے تھے۔ دوسری جانب الیکشن ٹربیونل نے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 سے پیپلز پارٹی کے رہنماء نثار کھوڑو کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیئے ہیں۔

الیکشن ٹریبونل کے مطابق نثار کھوڑو نے کاغذات نامزدگی میں 3 کے بجائے 2 بیویاں اور 4 بچے ظاہر کئے تھے۔ ٹریبونل کے مطابق ایک بیوی، ایک بیٹی اور 166 ایکڑز اراضی چھپانے پر نثار کھوڑو کے کاغذات مسترد کئے گئے۔ دوسری جانب نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی میں کوئی چیز نہیں چھپائی، ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کروں گا۔