پیپلزپارٹی ضلع ٹھٹھہ اور سجاول میں کلین سویپ کرے گی ، قائم علی شاہ

شیرازی گروپ کو ٹکٹ جاری کرنے پر مقامی رہنمائوں کے خدشات کو بھی دور کیا جائے گا،بلاول بھٹو زرداری اپنی الیکشن مہم کا آغاز سجاول سے کرینگے،سابق وزیراعلیٰ

بدھ 27 جون 2018 23:50

پیپلزپارٹی ضلع ٹھٹھہ اور سجاول میں کلین سویپ کرے گی ، قائم علی شاہ
سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ضلع ٹھٹھہ اور سجاول میں کلین سوئپ کرے گی۔شیرازی گروپ کو ٹکٹ جاری کرنے پر مقامی رہنمائوں کے خدشات کو بھی دور کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو سجاول میں پبلک پارک پر استقبال کرنے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی پی سندہ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامرہ، پی پی سجاول کے ضلعی صدر محمد علی ملکانی ، اور شیرازی گروپ کے ٹکٹ ہولڈر ایاز شیرازی سمیت دیگرکارکنان بھی موجود تھے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سجاول اور ٹھٹھہ اضلاع میں شیرازی گروپ نے پی پی میں شمولیت کی ہے اور پارٹی کی جانب سے انہیں ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں جس پر مقامی رہنمائوں کے خدشات کو دور کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شیرازی گروپ کی پی پی میں شمولیت کے بعد انہیں پارٹی ٹکٹ جاری ہونے پر مقامی پی پی رہنمائوں میں شدید خدشات تھے اور انہوں نے آزاد حیثیت میں فارم جمع کرائے ہیں۔ ایسی صورتحال میںخصوصی طورپر پی پی کے وفد کو ٹاسک دیکر ناراض رہنمائوں کے خدشات دورکرنے کے لئے بھیجاگیا تھا۔ ذرائع کا کہناتھاکہ ناراض پی پی رہنماارباب رمیزمیمن کے خدشات کو پہلے ہی دور کردیاگیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے سابق ایم این اے احمد میمن اور سابق صوبائی وزیرغلام قادر ملکانی سے بھی ملاقاتیں کیں اور پارٹی فیصلے پر اعتماد میں لیا، جس کے بعد ناراض پی پی رہنمائوں کی جانب سے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی الیکشن مہم کا آغاز سجاول سے کریں گے اور اس سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کی قیادت میں وفد نے مقای قیادت سے جلوس کا روٹ طے کرنے اور بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کرنے کے متعلق بھی بات چیت کی ہے ۔

واضح رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی سفرکا آغاز بھی سجاول سے کیاتھااور ایک بہت بڑے جلوس کی صورت میں انہیں سجاول سے کراچی لے جایاگیاتھا۔ اب انتخابی مہم کاآغاز بھی سجاول سے کریں گے۔ اس سلسلے میں پی پی قیادت نے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔