Live Updates

اقتدار ملا تو وزیراعظم ہائوس کو استعمال نہیں کروں گا،یہاں ایک اعلیٰ تعلیمی انسٹیٹیوٹ بنائوں گا،تمام گورنر ہائوسز کا بھی پلان کر رہے ہیں، لاہور والے گورنر ہائوس کو عوامی تفریحی پارک اور گیسٹ ہائوس میں بدل دوں گا،ملک کو درپیش دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ پانی کے مسئلے کو بھی حل کریں گے، ڈیمز بنائیں گے،زرداری نواز شریف کے ساتھ مل کر حکومت بنانے سے بہتر ہے اپوزیشن میں رہیں، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 28 جون 2018 01:10

اقتدار ملا تو وزیراعظم ہائوس کو استعمال نہیں کروں گا،یہاں ایک اعلیٰ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار ملا تو وزیراعظم ہائوس کو استعمال نہیں کروں گا،یہاں ایک اعلیٰ تعلیمی انسٹیٹیوٹ بنائوں گا،تمام گورنر ہائوسز کا بھی پلان کر رہے ہیں، لاہور والے گورنر ہائوس کو عوامی تفریحی پارک اور گیسٹ ہائوس میں بدل دوں گا،پاکستان کے تمام مسائل کے پیچھے کرپشن ہے،زرداری نواز شریف کے ساتھ مل کر حکومت بنانے سے بہتر ہے اپوزیشن میں رہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ملک کا پیسہ کدھر گیا، آج ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے۔

قوم غریب اور ان سیاستدانوں کے بچے راتوں رات امیر ہو گئے،انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لیکر جانے کے لیے ایک ایسے حقیقی لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے جو ہر کرپشن کا راستہ روکے اور عوام کی اخلاقیات کو اٹھائے، انہیں ملک کے لیے ٹیکس دینے پر راضی کرے، اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لیکر جانے کے لیے ملکی وزیراعظم سمیت تمام وزراء اور دیگر اعلیٰ شخصیات کو اپنی عیاشیاں بھی ختم کرنی ضروری ہیں تاکہ ملک و قوم پر ڈالا جانے والا زائد اخراجات کا یہ بوجھ عوام پر نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے مجھے موقع دیا اور میں وزیراعظم بنا تو وزیراعظم ہائوس کو استعمال نہیں کروں گا بلکہ یہاں ایک اعلیٰ تعلیمی انسٹیٹیوٹ بنائوں گا تاکہ لوگوں کو یہ بتایا جا سکے کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ بھی آگے نہیں بڑھتا۔ اس کے علاوہ تمام گورنر ہائوسز کا بھی پلان کر رہے ہیں،بالخصوص لاہور والے گورنر ہائوس میں تو میں عوامی تفریحی پارک اور گیسٹ ہائوس بنائوں گا تاکہ لوگ مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو ہم ہر وہ کام کریں گے جس میں ملک و قوم کی بہتری ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم خود ٹیکس دیں گے پھر لوگوں کو بھی ٹیکس کی ترغیب دیں گے۔بلاول بھٹو سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو عوامی مسائل کی کوئی سمجھ نہیں، بلاول کی حیثیت ہی کیا ہے وہ تو بس زرداری کا ایک ریموٹ کنٹرول ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 20سال سے لوگوں کو کہہ رہا تھا کہ کرپشن ہی اصل مسئلہ ہے لیکن پاناما کے بعد لوگوں کو میری اس بات کی سمجھ آئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب جان چکے ہیں کہ منی لانڈرنگ کیا ہوتی ہے، ہمارے بچوں کی تعلیم، صحت اور ہمارے پسپتالوں پر لگنے والا پیسہ باہر منتقل ہوتا رہا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹیوں میں اختلافات کوئی نئی بات نہیں لیکن ایک مرتبہ الیکشن جیت لوں پھر پارٹی میں ڈسپلن بھی لاکر دکھائوں گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ میں پہلے دو بھائی فیصلے کرتے تھے اب ان کے بچے آگئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ (ن) لیگ میں کوئی کسی کو ٹکٹ دے رہا ہے تو کوئی کسی کو۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ایک بادشاہت کی طرح ہے اور اسی بادشاہت کے اثرات اب سامنے آ رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں (ن) لیگ کو تباہ ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں کیونکہ جس جماعت کا کوئی نظریہ ہی نہ ہو وہ تباہ ہو جاتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی برسر اقتدار آئی تو ملک کو درپیش دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ پانی کے مسئلے کو بھی حل کرے گی اور ڈیمز بنائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات