میانی صاحب قبرستان میں عدالتی حکم پر 485 احاطہ مسمار، رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش

جمعرات 28 جون 2018 17:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں میانی صاحب قبرستان اراضی پر قبضہ واگزار کروانے کے متعلق عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی، عدالت نے حکم دیا کہ جو شخص رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کریں اس جیل میں ڈال دیں۔لاہور ہائیکورٹ جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی، کمرہ عدالت میں کامران لاشاری نے احاطہ خریدنے کا اعتراف کرلیا۔

(جاری ہے)

کامران لاشاری نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے عدالتی حکم کی تعمیل کی اور کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی ہے سب کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جا رہی ہے جبکہ عدالتی حکم پر 485 احاطہ مسمار کر دئیے گئے۔جسٹس علی اکبر قریشی نے قرار دیا کہ جو افراد احاطہ مسمار کرنے میں رکاوٹ پیدا کریں ان کو جیل میں ڈالیں اور ان افراد کے خلاف انسداددہشت گردی کے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائے۔ عدالت نے احاطے مسمار کرنے کی کاروائی جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔