انتخابی مہم کے دوران ہمارے امیدواروں کی گرفتاریوں اور نااہلیوں نے شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، آئین اور قانون کے تحت جب عوامی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں تو عوام کی عدالت کو اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے‘ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ٰ میاں محمد شہباز شریف

جمعرات 28 جون 2018 18:09

انتخابی مہم کے دوران ہمارے امیدواروں کی گرفتاریوں اور نااہلیوں نے ..
اسلام آباد۔28 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ہمارے امیدواروں کی گرفتاریوں اور نااہلیوں نے شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، آئین اور قانون کے تحت جب عوامی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں تو عوام کی عدالت کو اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے‘ امید ہے کہ جمہوریت کی روح کے مطابق عوام کی عدالت ہی سب سے بڑی عدالت ثابت ہو گی۔

جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ایسی کارروائیوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر شکوک و شبہات پیدا کردیئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ طور پر انتخابی مہم چلانے کے یکساں مواقع کو یقینی بنائے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن اس صورتحال کا فوری نوٹس لے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ہماری خدمت کی سیاست کو جرم بنانا درست نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے اور اسے عوام کے ساتھ اپنے گہرے رشتے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ایسے ہتھکنڈوں کو عوامی عدالت کے فیصلوں سے ناکام بنایا تھااور آج بھی عوام کی عدالت مسلم لیگ ن کے خلاف جاری تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ قمر الاسلام کی انتخابی مہم کے دوران گرفتاری قابل مذمت ہے اور مجھے اس پر سخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گرفتاری سے آزادانہ اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، اس طرح سیاسی قیادت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا خوش آئندہ نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) اپنے امیدواروں اور مخالف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی نا اہلیوں کو درست نہیں سمجھتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پریقین رکھتی ہے اور ہم عوامی عدالت میں اپنی خدمت کی سیاست کے ساتھ پیش ہوچکے ہیں۔ امید ہے 25 جولائی کو عوام مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر مہر لگا کر ان کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔