سعودی عرب:مزید پانچ ہزار خواتین ڈرائیونگ کی تربیت لے کر گاڑیاں چلانے کو تیار ہیں

سعودی ڈرائیونگ سکول خواتین کے سماج میں اہم کردار کے لیے کوشاں ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 جون 2018 18:47

سعودی عرب:مزید پانچ ہزار خواتین ڈرائیونگ کی تربیت لے کر گاڑیاں چلانے ..
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جُون 2018ء) سعودی ڈرائیونگ سکول نے پرنسز نورا یونیورسٹی کے تعاون سے پانچ ہزار سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے دی ہے۔ اس بات کا اظہار ڈرائیونگ سکول کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالباسط السُویدی کی جانب سے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہی فرمان کی رُو سے خواتین کی ڈرائیونگ پر سے پابندی ہٹنے کے بعد خواتین کو جلد از جلد ڈرائیونگ کے قابل بنا یا جا رہا ہے تاکہ وہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار نبھا سکیں۔

خواتین کو جدید طریقے سے ڈرائیونگ سکھائی جا رہی ہے۔ ڈرائیونگ کی ابتدائی ٹریننگ چودہ گھنٹوں پر مشتمل ہے۔سب سے پہلے اُنہیں ڈرائیونگ کا تحریری امتحان پاس کرنا ہوتا ہے۔ جس کے بعد پریکٹیکل ٹریننگ کی خاطر اُنہیں دو گھنٹے سِمولیشن لیب میں گزارنا ہوتے ہیں جس کے بعد ان کی چھے گھنٹوں کی پریکٹیکل ٹریننگ کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے دو مرحلے ہیں۔

پہلے مرحلہ پاس کرنے کے بعد ہی دوسرے مرحلے میں لے جایا جاتا ہے۔ جس کے بعد ٹریننگ لینے والی خواتین کو روڈ ٹیسٹ پاس کرنا ہوتا ہے۔ جس میں اُنہیں ڈرائیونگ کی 18 بنیادی مہارتیں سکھائی جاتی ہیں۔ روڈ ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد خاتون روڈ پر گاڑی چلانے کی اہل ہو جاتی ہے۔ ٹریننگ حاصل کرنے والی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ شاہی فرمان بہت ٹھیک وقت پر جاری کیا گیا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ شاہ سلمان سعودی خواتین کو بااختیار کرنے کی اہمیت سے پُوری طرح واقف ہیں۔

تاریخ سعودی خواتین کی کامیابیوں کی گواہ بن رہی ہے۔ ابھی سعودی خواتین کو آئندہ مملکت کی ترقی کے لیے کئی سنگ ہائے میل عبور کریں گی۔ سعودی قیادت کا خواتین پر اعتماد اُنہیں مستقبل میں کئی کامیابیاں سمیٹنے کے قابل بنائے گا۔‘‘