الیکشن میں دھاندلی نہ رکی تو نتائج ہولناک ہوں گے،نوازشریف

دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے، پچھلے مہینوں کا ریکارڈ دیکھ لیں، صرف میں اورمیرے ساتھی نشانہ ہیں،25 جولائی کوجوہوگا وہ نوشتہ دیوارہے۔ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 جون 2018 19:32

الیکشن میں دھاندلی نہ رکی تو نتائج ہولناک ہوں گے،نوازشریف
لندن(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے،دھاندلی نہ رکی تو نتائج ہولناک ہوں گے، پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، صرف میں اورمیرے ساتھی نشانہ ہیں،25 جولائی کو جوہوگا وہ نوشتہ دیوارہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات مین دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔

اگر دھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور ہمارے کچھ اور آتے ہیں۔ پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، صرف میں اورمیرے ساتھی نشانہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور جبکہ ہمارے لیے فیصلے کچھ اور ہوتے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ 25 جولائی کو جوہوگا وہ نوشتہ دیوارہے۔

قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے پارٹی کو ہدایت کی ہےقمرالاسلام کی بیٹی اور بیٹے کے کندھے سے کندھا ملا کرچلیں۔ دوسری جانب صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے اپنے بیان میں انتخابی امیدواروں کی ناہلیوں اور گرفتاریوں پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی گرفتاریوں اور نااہلیوں نے شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

آئین اور قانون کے تحت جب عوامی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں تو عوام کی عدالت کو اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے۔ مجھے امید ہے کہ جمہوریت کی روح کے مطابق عوام کی عدالت ہی سب سے بڑی عدالت ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف نیب کی انتقامی کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ایسی کارروائیوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر شکوک و شبہات پیدا کردیے ہیں۔

مسلم لیگ ن نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ طور پر انتخابی مہم چلانے کے یکساں مواقع کو یقینی بنائے۔ مجھے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس صورتحال کا فوری نوٹس لے گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہماری خدمت کی سیاست کو جرم بنانا درست نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے اور اسے عوام کے ساتھ اپنے گہرے رشتے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو یہ تاثر ختم کرنا چاہیے کہ مسلم لیگ ن اس کے نشانے پر ہے۔