فیصل آباد، موسمی مکئی کاشت جولائی کے دوسرے پندھواڑے سے 10اگست تک مکمل کریں،محکمہ زراعت پنجاب

جمعرات 28 جون 2018 21:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2018ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان ریسرچ انفارمیشن یونٹ فیصل آباد نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ موسمی مکئی کاشت جولائی کے دوسرے پندھواڑے سے 10اگست تک مکمل کریں۔مکئی کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے منظورشدہ اقسام کاشت کریں ۔بھاری میرا زرخیز زمین مکئی کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہے ۔

اگر زمین میں سخت تہہ موجود ہوتو اسے توڑنے کے لیے گہرا ہل استعمال کریں اور اس کے ساتھ ساتھ کھیت کی ہمواری کا بھی خاص خیال رکھیں۔زمین کی اچھی تیاری کے لیے 3تا 4 ہل بمعہ سہاگہ دیںاور زمین کو بھربھرا بنانے کے لیے روٹا ویٹر استعمال کریں۔ڈرل کاشت کے لیے شرح بیج 12تا15کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریںجبکہ کھیلیوں اور وٹوں پر کاشت کے لیے شرح بیج 8تا10کلوگرام بیج فی ایکڑ رکھیں۔

(جاری ہے)

موسمی مکئی کی دوغلی اقسام کو شمالاً جنوباً بنائی گئی وٹوں پر کاشت کرنے سے زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔بہتر پیداوار کے حصول کے لیے کھادوں کی سفارش کردہ مقدار کا بروقت استعمال نہایت ضروری ہے درمیانی زرخیز زمینوں میں 2بوری ڈی اے پی یا 5بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، 2بوری پوٹاشیم سلفیٹ اور ایک بوری یوریا بوقت بوائی استعمال کریں ۔وٹوں پر کاشتہ مکئی کی پہلی آبپاشی تین سے چار دن بعد کریں۔اس کے بعد فصل کی حالت اور ضرورت کے مطابق آبپاشی کریں۔

متعلقہ عنوان :