Live Updates

ناراض کارکنان کے تحفظات دور کریں گے ، شاہ محمود قریشی

جمعرات 28 جون 2018 23:39

ناراض کارکنان کے تحفظات دور کریں گے ، شاہ محمود قریشی
لاہور۔28 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، ناراض کارکنان کے تحفظات دور کریں گے، سب ملکر عمران خان کا ساتھ دیں ، پنجاب میں (ن) لیگ سے عوام تنگ آچکے ہیں ،2018ء کے انتخابات ملک کو نیا راستہ دے سکتے ہیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ کبھی آسان نہیں ہوتا،اب ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔

تحریک انصاف نے امیدواروں کے تحفظات دور کرنے والی واحد جماعت ہے ،ناراض کارکنان کو منانا ہمارا فرض ہے۔ ہم ناراض کارکنان کے تحفظات کو دور کریں گے اور جس طرح بھی ممکن ہوا، انہیں منانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب کا موقف سامنے آیا ہے اور خان صاحب اب بھی بیٹھے سب کو سمجھا رہے ہیں کہ سب کو ٹکٹ ملنا ممکن نہیں ،اختلاف کوئی نہیں نہ کسی نقصان کا اندیشہ ہے ،مختلف نقطہ نظر ہوتا ہے مگر جن کو ٹکٹ نہیں ملا وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوں ۔

(جاری ہے)

عمران خان کی انتخابی مہم حتمی مراحل میں ہے ،2018ء کے انتخابات ملک کو نیا راستہ دے سکتے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان ہی ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ رجعت پسند اور ملک کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے ،سب مل کر عمران خان کا ساتھ دیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پراعتماد نظر آرہی ہیں وہ آدھی جنگ جیت گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز کے لیے دعاگو ہیں، اللہ انہیں جلد صحتیابی دے ۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پنجاب میں (ن) لیگ سے عوام تنگ آچکے ہیں ،تحریک انصاف کے ووٹر اپنا قیمتی ووٹ ضائع مت کیجئے گا ،تحریک انصاف واحد جماعت جس نے تین بار مینار پاکستان بھرا ہے اور اب انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں جیت کر حکومت بنائیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات