سپریم کورٹ نے راولپنڈی میں ہسپتال اورکالج کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت اتوار تک ملتوی کردی

جمعرات 28 جون 2018 23:51

اسلام آباد۔28 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) سپریم کورٹ نے راولپنڈی میں ہسپتال اورکالج کی تعمیر سے متعلق شیخ رشید کی درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کیس کی سماعت اتوار کو کی جائے گی جس میں سیکرٹری کیڈ اور متعلقہ ٹھیکیدار بھی اپنی حاضری کویقینی بنائیں ، جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اس موقع پرچیف جسٹس نے کہا کہ درخواست گزار کے مطابق ہسپتال کا 80فیصد کام مکمل ہوچکا، بتایا جائے کہ باقی 20فیصدکب مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ دونوں پراجیکٹس کا نیا پی سی 2 تیار ہوچکا ہے، جس کے بعد ایکنک نے تین اعشاریہ پانچ ملین روپے کی منظوری دینے کے ساتھ100ملین روپے ٹھیکیدار کو جاری کردئیے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ اتوار کو صرف اس کیس کی سماعت کی جائے گی یہ بھی ہوسکتا ہے میں خود جاکر ہسپتال کا دورہ کروں،اس موقع پر درخواست گزار شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ منصوبے کیلئے جوزمین الاٹ کی گئی ہے وہ شہر کی سب سے قیمتی زمین ہے، جس کاقبضہ چھڑوانے کیلئے 150گھروں کے لوگوں کو بے گھر کیا گیا، منصوبے کیلئے لائی گئی مشینری کھڑی کھڑی خراب ہورہی ہے کئی نجی ادارے اس کو مکمل کرنے کی پیشکش کرچکے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ 80فیصد کام میں انہوں نے اسٹاف کے گھر پہلے بنائے ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت اتوار کی صبح 11بجے تک ملتوی کردی۔