سپریم کورٹ میں نجی میڈیا گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن کی جانب سے توہین عدالت کیس کی سماعت‘ غیر مشروط معافی نامہ پیش کرنے پرتوہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا گیا

جمعرات 28 جون 2018 23:40

اسلام آباد۔28 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) سپریم کورٹ نے نجی میڈیا گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن کی جانب سے توہین عدالت کے کیس میں غیر مشروط معافی نامہ پیش کرنے پرتوہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا ہے۔ جمعرات کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، یادرہے کہ اسد راجپوت نامی ایک وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ میر شکیل نے ایک جج کی بات کو بے ہودہ کہہ کر عدلیہ کی تضحیک کی جس پر عدالت نے نوٹس جاری کیا تھا۔

میرشکیل الرحمن کی جانب سے غیرمشروط تحریری معافی نامہ جمع کرنے پرچیف جسٹس ثاقب نثار نے ان کیخلاف نوٹس واپس لیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے بارے میں آپ اور آپ کا چینل احتیاط کرے۔

(جاری ہے)

میر شکیل الرحمن نے محتاط رہنے کی یقین دہانی کرائی اور واضح کیاکہ انہوں نے کبھی عدالت کی تضحیک کا سوچا تک نہیں ،دریں آثناء سپریم کورٹ میں چیئرمین ای او بی آئی نے عدالت کو یقین دلایا کہ آئندہ اے ٹی ایم کے ذریعے پنشن نکلوانے پرپنشنروں سے سروس چاجز وصول نہیں کئے جائیں گے بلکہ چارجز بینک الفلاح ادا کرے گا سماعت کے دوران متاثرین نے عدالت کوبتایاکہ ای او بی آئی بورڈ نے پنشن میں اضافہ کی منظوری دی تھی جس پر عمل نہیں ہوا ، اس وقت ہمیں صرف 5250 روپے پنشن دی جاری ہے جس میں اضافہ نہیں کیا جارہا استدعا ہے کہ پنشن بڑھانے کا حکم دیا جائے ، عدالت نے قرار دیا کہ اس کے لیئے ریکارڈ کو دیکھنا ہوگا ، بعدازاں مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیئے ملتوی کردی گئی۔