کالاباغ ڈیم سے ملکی ضرورت سے کئی گنا زیادہ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے

کالا باغ ڈیم سے 65ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جو ملک بھر کی ضرورت سے کئی گنا زیادہ ہے،معروف اینکر جنید سلیم

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 28 جون 2018 23:49

کالاباغ ڈیم سے ملکی ضرورت سے کئی گنا زیادہ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-28 جون 2018ء) :کالاباغ ڈیم سے ملکی ضرورت سے کئی گنا زیادہ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔معروف اینکر جنید سلیم نے دعویٰ کیا ہے کہ کالا باغ ڈیم سے 65ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جو ملک بھر کی ضرورت سے کئی گنا زیادہ ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نئے ڈیموں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں پانی کی کمی کا بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔

جہاں ایک طرف موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے، وہیں دوسری جانب بھارت نے نئے ڈیم بنا کر پاکستان کے دریاوں کا پانی روک لیا ہے۔ اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان میں بننے والی کوئی بھی حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ پاکستان میں بننے والی زیادہ تر حکومتوں کی توجہ ترقیاتی منصوبے پر ہی مرکوز رہتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں بننے والی حکومتوں نے کبھی بھی مستقبل کی فکر کرتے ہوئے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدگی سے کوئی کام نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پانی کا بحران ہر گزرتے دن کیساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ عالمی موحولیاتی تنظیموں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

اسی باعث پاکستان میں پہلے سے قدرے کم بارشیں ہونے لگی ہیں۔ جبکہ پاکستان میں گرمی کے موسم کی شدت اور دورانیہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ڈیموں کی عدم موجودگی جہاں پانی کا بحران پیداکر رہی ہے وہیں ہم ڈیموں کی عدم موجودگی میں مہنگی بجلی پیدا کرنے پر مجبور ہیں۔معروف اینکر جنید سلیم نے نجی ٹی وی میں شو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ہم دنیا کے ان 5 بڑے ممالک میں شامل ہیں جہاں مہنگی ترین بجلی پیدا کررہے ہیں ۔

یہی اگر ہم اپنے آبی ذخائر بنا کر ان سے بجلی پیدا کریں تو پانی کے مسئلے کے ساتھ ساتھ بجلی کے مہنگے ہونے کا مسئلہ بھی حل ہو سکتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ اگر ہم پوری طرح سے اپنی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو استعمال کریں تو کم از کم ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جس میں سے 65ہزار میگا واٹ صرف اور صرف کالاباغ ڈیم سے پیدا کی جا سکتی ہے جو ہماری ملکی ضرورت سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔