عوام کو ورغلانے اور پروپیگنڈوں کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے، ژوب میں اس انتخابی مہم میں توقع سے زیادہ عوامی پذیرائی مل رہی ہے ،شیخ جعفر خان مندوخیل

جمعرات 28 جون 2018 23:50

ژوب۔28جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر سابق صوبائی وزیر اور این اے 257 ڑوب و حلقہ پی بی 2 ژوب سے امیدوار شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عوام کو ورغلانے اور پروپیگنڈوں کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے‘ ہم نے گزشتہ پانچ سالوں میں ژوب میں تعلیمی شعبے، صحت ،پانی اور شمسی توانائی سمیت شہر میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کو تکمیل تک پہنچا کر عوام کا فیصلہ اپنے حق میں کرواچکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز اور وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر خوجل زئی تورنگی سے حافظ سلیمان خان اوردہانہ عبداللہ زئی،مولوی عبدالخالق ، ناصر قبیلے کے محمد خان ناصر کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ میں شمولیت اور شیخ جعفر خان مندوخیل کی حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جعفر مندوخیل نے کہا کہ ژوب میں اس انتخابی مہم میں توقع سے زیادہ عوامی پذیرائی مل رہی ہے جو 25 جولائی کو ہمارے کاروان کی شاندار کامیابی پر اختتام پذیر ہوگی۔جعفرمندوخیل نے کہا کہ مخالفین شدید پریشانی کا شکار ہیں اورہمارے کامیاب کارنر میٹنگز اور شہر کے علاوہ کاکڑ ایریاء سے توقع کے برعکس بھرپور حمایت ملنے سے اپنی واضح شکست سامنے دیکھ رہے ہیں۔

جعفرمندوخیل نے کہا کہ انہوں نے جو کہا ہے وہ کرکے عملی طور پر دکھایا بھی ہے کچھ مخالفین ھمارے ترقیاتی منصوبوں کو نہ ماننے کی قسم اور ضد پر بدستور قائم ہیں ہمارا مشورہے کہ ایسے افراد آنکھوں کا علاج کریں تاکہ ہمارے کام انہیں زمین پر نظر آسکیںیہ صدی عوام کو ورغلانے کی نہیں ہے ہم ژوب کو ماڈل ضلع اور کاکڑ ایریاء کو پہلی بار ترقی کے سفر میں شامل کرنے کا عہد کرچکے ہیں۔