عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو کل انتخابی نشانات الاٹ اور حتمی فہرست جاری کی جائے گی

جمعہ 29 جون 2018 14:38

عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو کل انتخابی نشانات الاٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات کل ہفتہ کو الاٹ کئے جائیں گے جس کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے ٹکٹ کے اجراء تک کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا اور اس کے بعد انتخابی مہم میں تیزی آ جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لئے امیدواروں کو انتخابی نشانات 30 جون کو الاٹ کئے جانے ہیں جس کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے متعین کئے گئے ریٹرننگ افسران کے پاس قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مختلف حلقوں سے حصہ لینے والے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ جمع کرائے جبکہ آج ہفتہ کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے اور اس کے ساتھ ہی امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کر دی جائے گی۔ یکم جولائی سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے میڈیا اور غیر ملکی مبصرین کے علاوہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور جماعتوں کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا ہے جبکہ انتخابی عملے کے لئے رہنما اصول بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔ پولنگ اسکیم کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے۔