سپریم کورٹ کی جانب سے دانیال عزیز کی نااہلی

دانیال عزیز نے اپنی جگہ اہلیہ کو الیکشن لڑوانے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 29 جون 2018 14:52

سپریم کورٹ کی جانب سے دانیال عزیز کی نااہلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جون 2018ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان توہین عدالت کیس میں ن لیگی رہنما دانیال عزیز کو نا اہل قرار دے دیا۔ دانیال عزیز کو عدالت برخاست ہونے تک کی سزا بھی سنائی گئی۔ اور عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ دانیال عزیز آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کے مرتکب پائے گئے ۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس مشیر عالم نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ دانیال عزیز نے انصاف فراہم کے عمل کو متاثر کیا۔ فیصلے کے متن میں کہا گیا کہ دانیال عزیز نے عدلیہ اور ججز کی تضحیک کی۔فیصلے کے بعد دانیال عزیز 2018ء کا انتخاب نہیں لڑ سکیں گے۔ دانیال عزیز کو 63 ون جی کے تحت 5 سال کے لیے نااہل قرار دیا گیا ۔ دانیال عزیز کو عدالت برخاست ہونے تک قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت کی طرف سے فیصلہ آنے کے بعد دانیال عزیز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے خلاف تین الزامات تھے ،کچھ 8ماہ اور کچھ 10 ماہ پرانے تھے۔

پہلے چارج میں میری ایک پریس کانفرنس تھی۔پہلے چارج کےگواہ نے تسلیم کیا کہ میں نےوہ لفظ کہے ہی نہیں۔واحد گواہ جس کیس میں پیش ہوا اس میں مجھے بری کردیا گیا۔مقامی چینل کووہ وڈیو کسی اور ذریعے سے ملی تھی۔وڈیو چلائی تو مقامی چینل کی آڈیو میں ٹون چلی یعنی وہ لفظ بولے ہی نہیں گئے،پہلے چارج میں مجھے بری کیا گیا،چند ماہ پہلے کےچارج پر عدالت برخاست ہونے تک سزا ملی۔

دانیال عزیزکا مزید کہنا تھا کہ میں نے جیل کاٹی نہ یوسف رضا گیلانی کی طرح عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔یوسف رضا گیلانی نے 5سال جیل کاٹی تو وہ وزیر اعظم بن گئے،عدالتی فیصلے پر ہم نے لاک ڈاؤن نہیں کیا،اسلام آباد پر حملہ نہیں کیا۔دانیال عزیز کا عدالت کے فیصلے کے اوپر رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فیصلہ پڑھ کرقانونی طورپر پیش رفت کریں گے۔

میرے مخالفوں کے نیب میں تین تین کیسز ہیں۔ٹی وی چینلزکےمطابق میرے حلقےمیں مجھے برتری حاصل تھی۔مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔میرے والد نے میرے حلقے سے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہوئے ہیں ۔میری جگہ میرے والد الیکشن میں حصہ لیں گے۔ تاہم اب سپریم کورٹ کی جانب سے نا اہلی کے بعد دانیال عزیز نے اپنی اہلیہ کوبھی الیکشن لڑوانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دانیال عزیز نے اپنی اہلیہ کو اپنی جگہ الیکشن لڑوانے کا فیصلہ کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دانیال عزیز کی جگہ اب ان کی اہلیہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لیں گی۔دانیال عزیز کی اہلیہ مہناز اکبر این اے 77 نارووال کی نشست سے الیکشن لڑیں گی۔دانیال عزیز کےوالد انور عزیز پنجاب اسمبلی کی نشست سے ن لیگ کے اُمیدوار ہیں۔