Live Updates

انتخابات کے بائیکاٹ کے معاملے پر کوئی سوچ بچار نہیں کی گئی‘خواجہ سعد رفیق

نیب اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں الجھا کر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو متاثر کیا جارہا ہے مختلف حربوں سے تنگ کرنا بند کیا جائے ، این اے 131سے عمران خان کو بھاری اکثریت سے شکست دوں گا ‘گفتگو

جمعہ 29 جون 2018 17:46

انتخابات کے بائیکاٹ کے معاملے پر کوئی سوچ بچار نہیں کی گئی‘خواجہ سعد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 131لاہور کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور وہ تحریک انصاف کے چیئرمین کو بھاری اکثریت سے شکست دیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے شکوہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جارہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو اس طرح نشان بنایا جاتا رہا تو ہم بہت کچھ بول سکتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مختلف حربوں سے ہمیں تنگ کرنا بند کیا جائے اور ہمیں بھی الیکشن لڑنے کا پورا پورا موقع دیا جائے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کوئی سوچ و بچار نہیں کی گئی۔خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب ) اور عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات میں الجھا کر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو متاثر کیا جارہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیے بھی انتخابی مہم کے لیے اسی طرح کی آزادی دی جائے جیسی دیگر سیاسی جماعتوں کو حاصل ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات