طالبان جہاں چاہیں براہ راست امن مذاکرات کے لئے تیار ہیں، اشرف غنی

طالبان دہائیوں سے جاری تنازعہ کے حل کے لئے تیار ہوں، افغان صدر

جمعہ 29 جون 2018 17:51

طالبان جہاں چاہیں براہ راست امن مذاکرات کے لئے تیار ہیں، اشرف غنی
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ وہ طالبان رہنما مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ جہاں چاہیں براہ راست امن مذاکرات کے لئے تیار ہیں، طالبان دہائیوں سے جاری تنازعہ کے حل کے لئے تیار ہوں۔ بین الاقوامی میڈیا نیویار ٹائمز کے حوالے سے بتاتا ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ وہ طالبان رہنما مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ سے جہاں وہ کہیں اور جہاں چاہیںبراہ راست امن بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

انھوں نے یہ بات گزشتہ روز نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہی ۔

(جاری ہے)

صدر غنی نے کہا کہ عید الفطر کے موقعے پر3 روز کیلئے ان کی حکومت اور طالبان نے غیر معمولی جنگ بندی کی۔باغیوں نے عید پر جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع سے انکار کیا تاہم افغان حکومت نے یکطرفہ طور پر ہفتے بھر کی جنگ بندی کو بڑھا کر 10 روز تک جاری رکھی۔ انھوں نے کہا کہ وہ ہیبت اللہ اخونزادہ کے ساتھ بات چیت کیلئے کوشاں ہیں تاکہ افغان امن ریلی کے شرکا کے مطالبات مانے جائیں جنھوں نے رواں ماہ کے دوران جنوبی صوبہ ہیلمند سے کابل تک کا 600 کلومیٹر سے زائد طویل فاصلہ طے کیا۔ وہ تمام فریق سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ملک میں عشروں سے جاری تنازع بند کریں۔