مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں نے 5 مزید کشمیریوں کو شہیدکردیا

مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد زخمی

جمعہ 29 جون 2018 18:14

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں میں آج پلوامہ اور کپواڑہ کے اضلاع میں پانچ مزید کشمیریوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوانوں کو پلوامہ کے علاقے تھامونہ اور ایک کو کپواڑہ کے علاقے ٹنگا کچھ ہامہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران شہیدکیا۔

فوجیوں نے تھامونہ میں ایک رہائشی مکان کو بھی تباہ کیا۔لوگ پلوامہ کے علاقوں چھت پورہ کو تھامونہ میں سڑکوں پر نکل آئے اور فوجی کارروائی کے خلاف زبردست مظاہرے کئے۔ فوجیوںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیوں ، پیلٹ گنوںاور آنسوگیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

(جاری ہے)

فوجیوں کی کارروائی میں مزید ایک نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ادھربھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگا کچھ ہامہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ ضلع شوپیان کے علاقے اہگام میں بھارتی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملے میں دو فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میںقائم فورم نے اپنے بیانات میںآزادی پسند رہنمائوںاور کارکنوں کی رہائش گاہوںپر چھاپوں کے ذریعے پیدا ہونیوالے خوف و ہراس کے ماحول پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

بیانات میں کہاگیا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کا ایک اجلاس پارٹی چیئرمین شبیر احمد ڈار کی زیر صدارت سرینگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سوپور کے شہید لڑکے خالد شریف کواسکے نویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

اجلاس میں محمد سلطان ماگرے ،معراج الدین صالح، بشیر احمد اور غلام نبی وسیم نے شرکت کی۔ حریت رہنمائ محمد یوسف نقاش ، جاوید احمد میر ، مختار احمد وازہ اور امتیاز احمد ریشی نے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری شہدائ کی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔

دختران ملت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزارت داخلہ کی حالیہ سفارشات جس میںبھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف نیا مقدمہ درج کرنے کیلئے کہاگیا ہے کو مسترد کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی حقیقی آواز کو دبانے کی ایک اور کوشش قراردیا ہے۔ دریں اثناء کشمیری نمائندوں بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، پروفیسر نذیراحمد شال ، پرویز احمد شاہ اور شمیم شال نے جنیوا میں یواین روڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد رے۔