پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، کمشنر کراچی

پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے ہر ایک کو اپنا کر دار اد ا کرنا ہوگا ، اجلاس سے خطاب

جمعہ 29 جون 2018 20:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) کراچی پولیو ٹا سک فورس کے چیئرمین کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے ۔اس سے ملک کا وقار اور قوم کے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے تین ملکوں کے علاوہ ساری دنیاسے پولیو وائرس کا خاتمہ ہو چکا ہے افغانستان اور نائجریا کے علاوہ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس موجو د ہے۔

پوری دنیا کی نظر یں پاکستان پر لگی ہوئی ہے پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے ہر ایک کو اپنا کر دار اد ا کرنا ہوگا ۔وہ جمعہ کو اپنے دفتر میں انسداد پولیو کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے انھوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے انسداد پولیو مہم مین بہتری کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی قومی جذبہ اور عزم کے ساتھ ترجیحی کوششیں کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ2 جولائی سے مہم شروع ہو گی مہم چھ روزہ ہو گی پانچ سال تک کے انیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے سات ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں کام کریں گی جبکہ 174 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکورٹی کے موثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ۔جلاس نے فیصلہ کیا کہ انسداد پولیو مہم میں سی پی ایل سی کو شامل کیا جائے گا ان کے تعاون سے کمیونٹی کے ساتھ رابطہ کو مضبو ط بنانے اور سیکورٹی اقدامات کو موثر بنانے میں مدد ملے گی انھوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کر دارموثر بنائیں مربوط اقدامات کریں کمیونٹی سے رابطہ بڑھائیں مہم کے دوران ہر روز مہم کا جائزہ لیں تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ و تعاون بڑھائیں اور کمیونٹی کا بھر پو ر تعاون حا صل کر نے کے لئے اقدامات کریں ۔

مہم کے دوروان خود اپنے علاقوں کا دورہ کریں کمیونٹی کے لوگوں سے ملیں جو بچے پولیو کے قطرے پینے سے رہ گئے ہیں ان کے والدین سے ملیں اور پولیو قطرے کی اہمیت کی آگاہ کریں اور یقینی بنائیں کہ کوئی پانچ سال یا اس سے کم عمر بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے ۔ کمشنر کراچی نے پولیو کے خاتمہ کیلئے نتیجہ خیز جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیاکہا ہے انھوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے مہم میں بہتری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ان کی اور ان کی ٹیم کی بھرپور کو شش ہو گی کہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کی حکومت کی جدوجہد میں وہ اور ان کی ٹیم بھرپور کر دار ادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو قومی اور اعلی مقصد ہے ۔ اجلاس میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینٹر فیاض جتوئی، تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر محمد علی شاہ، کوآرڈینٹر کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس ڈاکٹر نصرت علی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی، تمام ڈسٹرکٹ و ٹائون ہیلتھ افسران محکمہ صحت ، پولیس و رینجرز کے افسران ، عالمی ادار ہ صحت ،یونیسف بل گیٹس اینڈ ملنڈا فائونڈیشن اور روٹری کلب کے نمائندے اور دیگر نے شر کت کی ۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ مانٹرنگ کو موثر بنایا جا ئے گا اور معلومات کا ہر روز تبادلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں داخلے اورنکلنے کے راستوں پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی یقینی بنایا جا ئے گا۔ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو کے قطرے سے محروم نہ رہے ۔