چوہدری ارشاد احمد آرائیں نے ن لیگ سے علیدگی اختیار کر لی، پی پی 230بورے والا سے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

جمعہ 29 جون 2018 21:06

بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق ایم پی اے بورے والا چوہدری ارشاد احمد آرائیں نے ن لیگ کی قیادت کے فیصلے کے تحت صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ واپس لینے پر احتجاجاً مسلم لیگ ن سے علیحدگی اختیار کر کے پی پی 230بورے والا سے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا اپنے دفتر واقع ملتان روڈ پر ہزاروں ساتھیوں کے مشاورتی اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورے والا سے ن لیگ کے نامزد امیدوار NA162سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد آرائیں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد پارٹی قیادت نے مجھے ایم این اے کا ٹکٹ دینے کی پیشکش کی مگر میں نے چونکہ پانچ سال تک اپنے حلقہ میں مثالی ڈویلپمنٹ کروائی کرپشن اور قبضہ مافیا کے خلاف مظلوموں کا ساتھ دیا اور کسی بھی سرکاری فنڈز اور منصوبے سے کمیشن تک نہیں لیا میں ایسے عناصر کے راستے میں رکاوٹ تھا میں نے بورے والا میں سرگرم ڈویلپر گروپوں کی حوصلہ شکنی کی اور ہر مظلوم کا ساتھ دے کر لوگوں کے جائز کام کروائے اور بورے والا کی روایتی سیاست کا رخ تبدیل کر کے رکھ دیا ہے میرا ضمیر مطمئن ہے میرے خلاف ایسے ہی عناصر نے گٹھ جوڑ کر کے ایک ایسے امیدوار کو ٹکٹ دلوایا ہے جسے نہ تو عوامی تائید حاصل ہے اور نہ ہی مسلم لیگ ن کے لیے اس کی کوئی تنظیمی خدمات ہیں ٹربیونل سے نا اہل سابق ممبر قومی اسمبلی نے اپنے کردار اور قول و فعل سے مسلم لیگ ن کے ووٹ بنک کو متاثر کیا ہے یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنے ساتھیوں ورکروں اور ہزاروں حامیوں سے مشاورت کے بعد آزاد حیثیت سے صوبائی حلقہ پی پی 230سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے انشاء اللہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حلقہ کے عوام کی مشاورت سے نئی سیاسی حکمت عملی کا فیصلہ کیا جائے گا اجلاس سے سابق ناظم پیر بختیار عالم چشتی ،مسلم لیگ ن کے آرگنائزر اے غفار پاشا اور معروف عالم دین علامہ حافظ رائو منور احمد خان نے بھی خطاب کیا اور چوہدری ارشاد احمد آرائیں کی بطور ایم پی اے بورے والا کے عوام کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی طرف سے چوہدری ارشاد احمد آرائیں سے پارٹی ٹکٹ واپس لے کر دوسرے امیدوار کو دینے کے فیصلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بھرپور حمایت کا یقین دلایا مشاورتی اجلاس میں تحصیل صدر حافظ عبید اللہ سٹی صدر غلام رسول زیدی تحصیل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد سرور چیئر مین یونین کونسلز حاجی محمد وارث آرائیں ،چوہدری محمد اسحاق ،زاہد رسول ،سابق ناظمین حاجی ملک نذیر احمد ،حاجی مبین احمد بھٹی ،پیر بختیار عالم چشتی کے علاوہ کونسلرز بلدیہ ملک امتیاز حسین ،رانا شاہد علی رانا ارشاد احمد کے علاوہ چوہدری فداحسین جان اور ضلعی وائس چیئر مین بیت المال سردار فاروق ڈوگر بھی موجود تھے