تلہ گنگ ،(ن) لیگ کے سابق ایم این اے سردار ممتاز ٹمن نے چودھری پرویزالٰہی اور حافظ عمار یاسر کی حمایت کا اعلان کر دیا

عوام کی خدمت اور ساتھیوں کی عزت ہمارے لیے اول ہی: چودھری پرویزالٰہی میں اور میرے ساتھی بلدیاتی نمائندے آپ، حافظ عمار یاسر اور سردار آفتاب اکبر کو بھاری اکثریت سے جتوائیں گے ،ممتاز ٹمن

جمعہ 29 جون 2018 23:54

تلہ گنگ ،(ن) لیگ کے سابق ایم این اے سردار ممتاز ٹمن نے چودھری پرویزالٰہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) تلہ گنگ کے اہم سیاسی رہنما ن لیگ کے سابق ایم این اے سردار ممتاز ٹمن نے اپنے ساتھیوں سمیت ن لیگ کو خیر آباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اور حلقہ این اے 65 سے چودھری پرویزالٰہی، پی پی 24 سے حافظ عمار یاسر اور پی پی 23 سے سردار آفتاب اکبر کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر اور مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقات کے علاوہ بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کی حمایت پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کی خدمت اور ساتھیوں کی عزت پر یقین اور اسے اول رکھتے ہیں، شریف برادران جس طرح کی سیاست کرتے ہیں باعزت اور اپنا مقام رکھنے والے لوگ ان کے ساتھ نہیں چل سکتے، یہ اپنے ساتھیوں کو بھی دھوکہ دیتے ہیں اور اپنے مفادات کے سوا کسی کی قدر کرنا نہیں جانتے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سردار ممتاز ٹمن جیسی شخصیات کی بھی قدر نہیں کی ان کو انسان کی قدر ہے نہ انسانیت کی اور یہی تکبر ان کی اگلی نسل میں بھی ہے۔

(جاری ہے)

سردار ممتاز ٹمن نے کہا کہ میں اپنی عزت افزائی پر چودھری پرویزالٰہی کا دلی طور پر مشکور ہوں، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی اپنے ساتھیوں کا ساتھ نہیں چھوڑتے، ہم پوری محنت اور لگن سے ان کی الیکشن مہم چلائیں گے، چیئرمین، وائس چیئرمین اور بلدیاتی نمائندوں سمیت میرے تمام سپورٹر اور ورکر چودھری پرویزالٰہی، حافظ عمار یاسر اور سردار آفتاب اکبر کی حمایت کریں گے اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔

حافظ عمار نے کہا کہ ہم سردار ممتاز ٹمن کے دل کی گہرائیوں سے مشکور ہیں اور انشائ اللہ آئندہ بھی ساتھ مل کر چلیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہم بارہ سال شریفوں کے ساتھ رہے لیکن یہ اپنے ساتھیوں سے بھی سیاست اور ہاتھ کر جاتے ہیں، یہ دوسروں کو خلائی مخلوق کہتے ہیں لیکن میری نظر میں یہ خود خلائی مخلوق ہیں ان کے پائوں نیچے لگتے ہی نہیں، جب یہ اقتدار میں ہوں تو اپنے ساتھیوں اور ارکان اسمبلی تک کو عزت نہیں دیتے اور عام آدمی کی بھلائی اور فلاح کیلئے بھی کوئی کام نہیں کرتے، ممتاز ٹمن صاحب نے اپنے علاقہ کے لوگوں کی فلاح اور عزت کی خاطر صحیح اور بروقت فیصلہ کیا ہے، ان سے ہمارا ذاتی تعلق ہے، سیاست بدلتی رہتی ہے، ذاتی تعلقات ہمیشہ رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس گھر کے ساتھ کھڑے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ جیسے بھی حالات ہوں ان کو ساتھ لے کر ان کی مشاورت سے چلیں گے، اقتدار تو آنی جانی چیز ہے لیکن اس گھر کو عزت نہ دینا شریفوں کی بدقسمتی ہے، اس طرح کے باوقار اور مخلص ساتھی اگر ساتھ ہوں تو کشتی پار لگ جاتی ہے۔