ایس ڈی اے کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ

جمعہ 29 جون 2018 23:50

سکھر۔ 29جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس ( ایس ڈی اے ) نے سکھر کی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ایس ڈی اے کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی رہائش گاہ پر سیاسی، سماجی رہنمائوں اور شہریوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں دوا خان، گوہر کھوسو، ربنواز کلوڑ، ایوب فاروقی، زبیر کریم، شعبان میرانی، غلام حیدر راجپوت، امداد جھنڈیر، گل حسن گوپانگ، عدنان انصاری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر تمام رہنمائوں کی اتفاق رائے سے سکھر شہر میں مفاد پرست عناصروں سے مقابلہ کرنے کیلئے آزاد حیثیت سے پینل تشکیل دیا گیا، جس میں این اے 207 پر گوہر کھوسو، پی ایس 24 سے حاجی محمد جاوید میمن، پی ایس 25 سے ایوب فاروقی انتخابات میں لڑینگے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھاکہ ہم نے ہمیشہ سکھر شہر کی فلاح و بہبود اور شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی ہے، عام انتخابات میں سکھر شہر کو تباہ کرنیوالوں کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑینگے، شہر سے ماضی کے منتخب نمائندوں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے جس کے باعث شہری ان سے مایوس ہوچکے ہیں ، ہم نے الیکشن میں آزاد حیثیت سے پینل تشکیل دیا ہے، انشاء اللہ عوام ہمیں واضح اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کراکر سکھر شہر کو تباہ کرنیوالوں سے ہمیشہ کیلئے نجات پائیں گے۔

اجلاس میں موجود تمام رہنمائوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔