Live Updates

اگر ریحام خان کی کتاب لکھوانے کے پیچھے میری سپورٹ ثابت ہو جائے تو میں خود کو ذمہ دار سمجھوں گا

شہباز شریف نے ریحام خان کی کتاب سے متعلق الزامات مسترد کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 30 جون 2018 13:42

اگر ریحام خان کی کتاب لکھوانے کے پیچھے میری سپورٹ ثابت ہو جائے تو میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب سے متعلق عائد تمام الزامات مسترد کر دئے، نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میں زندگی میں صرف ایک مرتبہ ریحام خان سے ملا ہوں اور اس کے بعد ان سےکوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ریحام کی کتاب لکھوانے کے پیچھے میری سپورٹ ثابت ہو جائے، یا اگر میں نے ایک دھیلہ بھی بلواسطہ یا بلاواسطہ خرچ کیا ہوتو میں ذمہ دار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر کئی الزامات عائد کیے لیکن وہ ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کے قریبی ساتھیوں زلفی بخاری ، وسیم اکرم اور انیلہ خواجہ پر جنسی نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔ اپنی کتاب میں ریحام خان نے اپنے سابق شوہر اعجاز رحمان پر بھی الزامات عائد کیے۔ ان چاروں افراد کی جانب سے ریحام خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیاہے۔ نوٹس میں ریحام خان سے 14 جون تک جواب طلب کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نوٹس میں کہا گیا کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں پہلی شادی کا ذمہ دار اعجاز رحمان کو قراردیا۔ صفحہ 243،417 اور 458 پر انیلہ خواجہ پر عمران خان کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کیاگیا ہے۔ کتاب میں انیلہ خواجہ کو چیف آف حرم قرار دیا گیا۔ صفحہ 402 اور 572 پر وسیم اکرم کی مرحومہ بیوی سے متعلق نہایت گھناؤنے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں زلفی بخاری پر لندن میں ایک خاتون کا اسقاط حمل کروانے کا الزام عائد کیا۔ قبل ازیں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب لانچ ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب کو ن لیگ کا میڈیا سیل سپانسر کر رہا ہے۔

مارکیٹ سے کچھ خواتین کو اٹھا کر خان صاحب کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی جائے گی اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ یہ شخص کسی سیاسی لیڈر شپ کا اہل نہیں ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی اہلیت کا فیصلہ مارکیٹ کی خواتین نہیں بلکہ عوام کرے گی ۔ خیال رہے کہ ریحام خان کی ٹی وی چینل میں نوکری اور ان کی کتاب کی چھپوائی کے پیچھے بھی شہباز شریف کا ہاتھ ہونے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ شہباز شریف نے ہی ریحام خان کو نوکری بھی دلوائی اور ان سے رابطے میں بھی رہے جس پر شہباز شریف نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کی اور اپنے اوپر عائد تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات