فراہمی انصاف میں ناکامی ، وفاق کی سپریم کورٹ میں جواب جمع کراتے ہوئے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا

انصاف کی فراہمی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،فراہمی انصاف کیلئے ملک بھر میں خصوصی عدالتیں اور ٹربیونلز قائم کئے گئے، فوری اور سستے انصاف کیلئے 15نئے قوانین بنائے گئے،جواب

ہفتہ 30 جون 2018 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جون2018ء) فراہمی انصاف میں ناکامی کے معاملے پر وفاق نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کراتے ہوئے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کر دی، جواب میں بتایا گیا کہ فراہمی انصاف کیلئے ملک بھر میں خصوصی عدالتیں اور ٹربیونلز قائم کئے گئے، فوری اور سستے انصاف کیلئے 15نئے قوانین بنائے گئے۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ میں فراہمی انصاف میں ناکامی کا معاملہ کی سماعت ہوئی، وفاق نے انصاف کی فراہمی میں ناکامی کے الزامات مسترد کردیئے، وزارت قانون نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔

(جاری ہے)

جواب میں بتایا گیا کہ انصاف کی فراہمی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، فراہمی انصاف میں ناکامی کے الزامات بے بنیاد ہیں، فوری اور سستے انصاف کیلئے 15 نئے قوانین بنائے گئے ہیں، تعزیرات پاکستان اور ضابطہ فوجداری میں بہتری کا جائزہ لیا جا رہا ہے، فراہمی انصاف کیلئے ملک بھر میں خصوصی عدالتیں اور ٹربیونلز قائم کئے گئے۔ خصوصی عدالتوں اور ٹربیونلز کو 3ارب 71کروڑ 79لاکھ کے فنڈز فراہم کئے گئے، گزشتہ 15سال میں فراہمی انصاف کیلئے 8187ملین خرچ کئے گئے،وفاق نے جواب میں استدعا کی کہ فراہمی انصاف میں ناکامی کا مقدمہ خارج کیا جائے۔