مقبوضہ کشمیر : لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم کا گمشدیوں ، اجتماعی قبروں کی تحقیقات کا مطالبہ

بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے اقوام متحدہ کی رپورٹ کا خیر مقدم

ہفتہ 30 جون 2018 14:50

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر کے لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم ’اے پی ڈی پی‘ نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کی حالیہ رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اے پی ڈی پی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم دو دہائیوں سے بھارتی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ اپنی فورسز کے ہاتھوں آٹھ ہزار سے زائد لاپتہ کشمیریوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے لیکن مطالبے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔

ترجمان نے کہا کہ لاپتہ کشمیریوں کے اہل خانہ انتہائی کرب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں کیونکہ انہیں کچھ نہیں بتایا جارہا کہ انکے پیارے کہاں اور کس حال میں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر نے بھی اپنی رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں شہریوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جا رہا ۔