محمد عامر کو اب کس طرح استعمال کیا جائے ، عامر سہیل کا ”مفید “ مشورہ

ان کیلئے ایسی پالیسی وضع کی جائے کہ مختصر ہوتا کیریئرطویل ہو جائے:سابق کپتان

ہفتہ 30 جون 2018 15:26

محمد عامر کو اب کس طرح استعمال کیا جائے ، عامر سہیل کا ”مفید “ مشورہ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جون 2018 ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بلے باز عامر سہیل کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو انجریز اور تھکاوٹ سے بچانے کیلئے صرف اہم میچز میں ہی استعمال کرنا چاہئے۔ایک گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ26سالہ فاسٹ باﺅلر کے لیے اب ٹیم انتظامیہ کو ایسی پالیسی بنانی چاہئے جس سے بائیں ہاتھ کے پیسر کا کیریئر مختصر ہونے کے بجائے طوالت اختیار کر جائے۔

عامر سہیل کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے پاس ایسی پیس بیٹری نہیں کہ ٹیم محمد عامر کو مکمل آرام دینے کی متحمل ہو سکے یا ان کی جگہ کوئی متبادل باﺅلر استعمال کیا جائے خاص کر ٹیسٹ میچوں میں ان کا کوئی متبادل نہیں لہٰذا ٹیم انتظامیہ ایسی پلاننگ کرے جس سے محمد عامر کو میچز کے دوران ہی آرام مل جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قومی فاسٹ باﺅلر محمد عامر کے حوالے ان دنوں اس بحث نے جنم لیا ہے کہ تینوں فارمیٹ میں کھیلنے سے وہ مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں لہٰذا ان کا بوجھ کم کرنا چاہئے۔

آئرلینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ میں بھی انہیں گھٹنے کی انجری کے بعد لنگڑاتے ہوئے میدان چھوڑنا پڑا تھا جبکہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں وہ کندھے کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے۔ محمد عامر نے درخواست کی تھی کہ زمبابوین ٹور کے دوران انہیں آرام دیا جائے تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اسے منظور نہیں کیا۔محمد عامر خود بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے چکے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ وہ اب زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے خواہاں نہیں ہیں کیو ں کہ مسلسل تینوں فارمیٹس کھیلنے کے باعث وہ ذہنی تھکان کا شکار ہیں اور اسی لیے انہوں نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مل کر ایک ایسا لائحہ عمل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں انہیں میچز کے دوران آرام بھی مل سکے ۔

متعلقہ عنوان :