ائیر وار کالج فیصل میں 31 ویں ائیر وار کورس کی گریجویشن تقریب کا انعقاد

ملکی دفاع میں بے شمار قربانیاں دینے پر پاکستانی قوم کو اپنی دفاعی افواج پر فخر ہے،گورنر سندھ کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 30 جون 2018 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2018ء) ائیروار کالج میں 31 ویں ائیر وار کورس کی گریجوایشن تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ محمد زبیرنے اس تقریب کی صدرات کی۔ انکی کالج آمد پر ائیروائس مارشل ابرار احمد ،کمانڈ نٹ ایئروار کالج نے انکا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی نے گریجوایٹ ہونے والے افسران میں فیلو آف ائیر وار کالج سرٹیفیکٹس تقسیم کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کومبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ کورس ان کی پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی دفاع میں بے شمار قربانیاں دینے پر پاکستانی قوم کو اپنی دفاعی افواج پر فخر ہے۔انہوں نے ائیر وار کالج کے اساتذہ کی مسلسل محنت اور شاندار عزم کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ائیر کموڈور فواد ظہیر ، چیف انسٹر کٹر ائیر وار کالج نے کورس رپورٹ پیش کی۔

پاکستانی افواج کے علاوہ دیگر 11 ممالک جن میں بنگلہ دیش ، چین، مصر، ایران ، اردن ملائیشیا ، سعودی عرب ، اومان ، عراق، سری لنکا اور زمبابوے کے 13 افسران بھی گریجویٹ ہوئے۔ اس تقریب میں کئی سول اور فوجی اعلی عہدیداران اور مختلف ممالک کے ڈپلومیٹس نے شرکت کی۔ائیر وار کالج پاک فضائیہ کا ایک معتبر ادارہ ہے جہاں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو اعلی ذمہ داریوں کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔