پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم سب کیمپسز طے شدہ ضوابط ومعاملات کے مطابق اپنے ذمہ واجبات ادا کریں

ہفتہ 30 جون 2018 17:04

سرگودھا۔30 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2018ء) یو نیورسٹی آف سرگودھا کے ترجمان نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم سب کیمپسز کی جملہ انتظامیہ پر واضح کیا ہے کہ وہ یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ میں طے شدہ ضوابط و معاملات کے مطابق اپنے ذمہ واجبات فوری طور پر ادا کریں تاکہ پرائیویٹ کیمپسز کو آفیشل رزلٹ کا رڈز اور ڈگریاں جاری کی جا سکیں مزید برآں متذکرہ پرائیویٹ سب کیمپسز بشمول لاہور، منڈی بہائوالدین ، گوجرانوالہ ، لائلپور کیمپس فیصل آباد کے طلبہ اور اُن کے والدین بھی آگاہ رہیں کہ وہ فوری طور پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے مین کیمپس کے ساتھ اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کو رجسٹریشن کارڈز کے اجراء کے بعد بروقت آفیشل رزلٹ کارڈ ز اور ڈگریاں جاری کی جاسکیں نیز یونیورسٹی سینڈیکیٹ کے فیصلہ جات اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا صرف اُن طالبعلموں کو رزلٹ کارڈ و ڈگریاں جاری کرے گی جنہوں نے یونیورسٹی کی طرف سے منعقدہ امتحانات پاس کئے ہو نگے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ وویمن کیمپس فیصل آباد نے اپنے ذمہ واجبات ادا کر دئیے ہیں جس پر متذکرہ کیمپس کے طلباء کو رزلٹ کارڈ ز اور ڈگریاں جاری کرنے کے لئے کنٹرولر امتحانات یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ نے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :