عجمان:انگوٹھی پہننے کے شوق نے خاتون کو ہی نہیں ڈاکٹروں کو بھی مصیبت میں ڈال دیا

سول ڈیفنس محکمے کے سٹاف نے خاتون کو درد کی اذیت سے نجات دلائی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 30 جون 2018 16:58

عجمان:انگوٹھی پہننے کے شوق نے خاتون کو ہی نہیں ڈاکٹروں کو بھی مصیبت ..
عجمان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جُون 2018ء) متحدہ عرب امارت میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔ ایک خاتون نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ اُس کے پاس موجود انگوٹھی بہت تنگ ہے اور اسے اُنگلی میں پہننے کے بعد اُتارنا بہت مشکل ہو جائے‘ اُسے پہن لیا۔ جلد ہی خاتون کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا جب انتہائی تنگ انگوٹھی نے اُس کی اُنگلی کو اس طرح سے دبایا کہ خاتون درد کی شِدت سے بلبلا اُٹھی اور چیخ و پکار کرنے لگی جس کا کوئی فائدہ نہ ہوا۔

پھر مصیبت یہیں تک محدود نہ رہی بلکہ خاتون کی اُنگلی میں خون کا دورانیہ رُک گیا جس کے باعث اُنگلی پھُول کر کُپا بن گئی۔ پریشانی اور تکلیف کی اس صورتِ حال کے پیش نظر خاتون کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کو اس ناگہانی مشکل سے نکالنے کا ہر طریقہ آزما لیا مگر سب بے سُود ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

خاتون کی درد سے جان نکلی جا رہی تھی۔

اس صورتِ حال میں انسانیت کے مسیحا ڈاکٹر بھی بے بس نظر آ رہے تھے۔آخر کار کسی سیانے ڈاکٹر کے بروقت مشورے پر شہری دفاع کے محکمے سے رابطہ کر کے اُنہیں صورتِ حال کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا۔ سول ڈیفنس کے محکمے کے مطابق اُنہیں خلیفہ ہسپتال سے کال آئی کہ ایک خاتون جس نے غلطی سے اُنگلی میں فِٹ نہ آنے والی انگوٹھی پہن لی ہے‘ اس وقت شدید اذیت کا شکار ہے‘ اس لیے محکمے کی جانب سے ماہرین کی ٹیم بھیج کر اس مسئلے کا کوئی حل نکالا جائے۔

اس پر محکمے کی ٹیم فوری طور پر روانہ کر دی گئی ۔ جس نے کوشش بسیار کے بعد ماہرانہ طریقے سے خاتون کی اُنگلی میں دیر سے پھنسی انگوٹھی نکال کر اُسے تکلیف اور اذیت کے سمندر سے باہر نکال لیا۔ خاتون نے اُنگلی انگوٹھی سے باہر نکل آنے پرخدا کا بہت شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُسے نہیں اندازہ تھا کہ بظاہر ایک چھوٹی سی حماقت اُسے کتنی بڑی اذیت میں مبتلا کر دے گی۔ ایسی حماقت وہ زندگی بھر نہیں دُہرائے گی اور دوسروں کو بھی اس بات سے منع کرے گی۔

متعلقہ عنوان :