دُبئی:پاکستانی مرد نے ہم وطن نوجوان کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

مجرم کو 37 ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 30 جون 2018 17:44

دُبئی:پاکستانی مرد نے ہم وطن نوجوان کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جُون 2018ء) ملازمت کی غرض سے امارات میں مقیم 37 سالہ پاکستانی نے نشے کی حالت میں اپنے ہی ہم وطن اُنیس سالہ نوجوان سے زبردستی جنسی عمل کا ارتکاب کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق دسمبر 2017ء کے ایک روز متاثرہ نوجوان دُبئی کے علاقے گریک کلسٹر کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت کے پارکنگ ایریا میں کاروں کی دُھلائی کر رہا تھا کہ کار میں سوار ایک پاکستانی پارکنگ ایریا میں آیا اور اُس نے نوجوان کو آواز دی۔

نوجوان کے مطابق وہ یہ سوچ کر اُس کے پاس گیا کہ وہ اُس سے اپنی کار دھلوانے کے لیے بُلا رہا ہے ‘ مگر جیسے ہی وہ ملزم کے قریب پہنچا تو اُس نے اچانک کار کا دروازہ کھول کر نوجوان کو کار کے اندر کھینچ لیا۔ ملزم نے نوجوان سے جنسی عمل کرنے کا تقاضا کیا مگر اُس کے انکار پر ملزم نے اُسے مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

اور گاڑی تھوڑی دیر ویران جگہ پر جا کر کھڑی کر کے نوجوان سے زیادتی کر ڈالی۔

جس کے بعد ملزم اُسے واپس پارکنگ ایریا میں لے آیا اور اُسے 20 درہم دے کر کار دھونے کا کہا۔ اگلے دِن ملزم ایک بار پھر پارکنگ ایریا میں اپنا پچھلی رات کا عمل دُہرانے کی غرض سے آیا تو متاثرہ نوجوان اُسے دیکھ کر پرے بھاگ گیا۔ اس نے اپنے ایک دوست کو ساری بات سے آگاہ کیا۔ باہمی مشورہ کے بعد پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی جس پر ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

عدالت نے ملزم کو شراب نوشی کے جُرم میں ایک ماہ جبکہ اپنے ہم وطن نوجوان کو زیادتی کا نشانہ بنانے پر چھتیس ماہ قید کی سزا سُنائی ہے۔ عدالت میں ملزم نے اپنے خلاف عائد کردہ الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ملزم کا اصرار تھا کہ اُس نے مُدعی کی رضا مندی سے اُس کے ساتھ جنسی فعل کیا۔ ملزم کو سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ ملزم کو فیصلے کے خلاف پندرہ دِن میں اپیل کا حق دیا گیا ہے۔