چیف جسٹس نے ہماری آواز سن لی ہم شکر گزار ہیں ،رضا ہارون

مردم شماری کی آئینی درخواست کو الیکشن کے بعد سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ، سیکرٹری پاک سرزمین پارٹی

ہفتہ 30 جون 2018 19:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے کہا کہ کراچی کے عوام چیف جسٹس پاکستان جناب ثاقب نثار کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے کراچی کی آواز سن لی اور چیئرمین مصطفی کمال کی مردم شماری کی آئینی درخواست کو الیکشن کے بعد سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی اپنے قیام کے پہلے روز سے کراچی سمیت پورے ملک کے عام شہری کے حقوق کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ مردم شماری کے ابتدائی نتائج کو پی ایس پی پہلے ہی مستردکر چکی ہے اور ہر فورم پر آواز اٹھارہی ہے۔ اس سے قبل بھی مصطفی کمال نے کراچی میں واٹر کمیشن کے سامنے پیش ہو کر اور پھر کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس صاحب کے سامنے پینے کے پانی سمیت کراچی کے تمام مسائل پر اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا جس میں انہوں نے مردم شماری کے نتائج کو مسترد کیا تھا اور اس وقت بھی اپنے بیان میں مردم شماری کے نتائج کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اس پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

رضاہارون نے چیف جسٹس صاحب کے اقدام کو کراچی والوں کیلئے خوش آئند قرارد یا اور اس موقع پر کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ کراچی کے سیاسی، سماجی و معاشی حقوق اور اس شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے اس شہر کے ساتھ مردم شماری میں ہونے والی ناانصافی اور بنیادی نقائص کی نشاندہی اور ان کو آئینی اور قانونی طریقہ سے دور کرنے میں چیئرمین مصطفی کمال کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ درست مردم شماری کے بغیر کراچی شہر اور اسی طرح دیگر علاقوں میں وسائل اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقین نہیں بنایا جا سکتا۔ مردم شماری ہی وہ واحد قومی ڈیٹا ہے جس کے ذریعہ ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مردم شماری بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔