عوام ووٹ کی قوت سے کرپٹ حکمرانوں کو اقتدارکے ایوانوں سے بے دخل کردیں ،میاں محمد اسلم

جماعت اسلامی ملک سے مالی کرپشن کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن کا بھی خاتمہ چاہتی ہے ،خطاب

ہفتہ 30 جون 2018 19:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 53,54 میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کی قوت سے کرپٹ حکمرانوں کو اقتدارکے ایوانوں سے بے دخل کردیں ۔ عوام کو غربت ، جہالت ، مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دینے والوں سے اب پچھلے تمام حساب برابر کرنے کا وقت آگیاہے ۔انھوں نے کہا ہے عوام اپنے ووٹ کے صحیح استعمال سے ہی اپنی آئندہ نسلوں کو ایک کرپشن فری خوشحال اور محفوظ پاکستان دے سکتے ہیں ۔

جماعت اسلامی ملک سے مالی کرپشن کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن کا بھی خاتمہ چاہتی ہے ۔ ملک کو عالمی سامراج کی ڈکٹیشن پر چلانے اور ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے حکم پر مہنگائی کا کوڑا برسانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی ایٹ میںکار نر میٹنگ سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل کاشف چوہدری ، ڈاکٹر تہذیب الحسن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا حکمرانوں کی کرپشن اور ناقص اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معاشی صورتحال ہی ناگفتہ بہ نہیں ، بلکہ قومی سلامتی کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں ، بجٹ خسارہ چھ ارب 43 کروڑ تک ہوچکاہے ۔ تجارتی خسارہ بڑھ گیاہے ، قرضوں میں کئی گنا اضافہ ہواہے ، روپے کی قدر میں کمی ہوئی جبکہ غریب عوام مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دنیا میں متعدد مرتبہ کمی ہوئی جس کا پاکستانی عوام کو کوئی فائدہ نہیں دیا گیا لیکن اگر کبھی معمولی اضافہ ہواہے تو یہاں قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیاگیاہے ۔