Live Updates

چوہدری نثار کےٹکٹ کےلیے نوازشریف کو منا لیا تھا،شہبازشریف

بیانات سےتلخیاں پیدا ہوئیں،تلخیوں پر قابو پانےکی کوشش کررہے ہیں،چوہدری نثار نے درخواست نہیں دی تھی لہذا بورڈ غورنہیں کرسکتا تھا،چوہدری نثار کیساتھ بہت اچھا رشتہ ہے۔ صدرن لیگ شہبازشریف کا انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 30 جون 2018 18:53

چوہدری نثار کےٹکٹ کےلیے نوازشریف کو منا لیا تھا،شہبازشریف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کے ٹکٹ کے لیے نواز شریف کو منا لیا تھا، چوہدری نثار نے پارٹی ٹکٹ کی درخواست نہیں دی تھی لہذا بورڈ غور نہیں کر سکتا تھا، بیانات سے تلخیاں پیدا ہوئیں،تلخیوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں،چوہدری نثار کے ساتھ بہت اچھا رشتہ ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی رائے ہے کہ اگر سادہ اکثریت ملی تب بھی قومی حکومت بنائیں گے۔قومی حکومت سے میری مراد معلق پارلیمنٹ ہر گز نہیں۔ قومی حکومت اس لیے چاہتا ہوں کے کوئی لانگ مارچ اور لاک ڈاؤن نہ کرئے۔ملک کے معاملات میں مجموعی مشاورت اور دانش مندی چاہتے ہیں، ملک میں اتنے مسائل ہیں جو کوئی ایک پارٹی یا ادارہ حل نہیں کر سکتا، تصادم کوئی حل نہیں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملنا ہو گا۔

(جاری ہے)

امریکہ میں بھی حکومتیں آتی جاتی ہیں لیکن اہم اہداف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوتا۔ ملک کو آگے بڑھانا ہے تو ہمیں مشاورتی عمل شروع کرنا ہو گا،پاکستان کے تمام اہم معاملات پر سب کا ایک بیانیہ ہونا چاہیے،بھارت،افغانستان سمیت تمام معاملات پر مل کر بات کرنی چاہیے،سیاستدانوں کی جرنیلوں کے ساتھ میز پر دوستانہ بات چیت ہونی چاہیے،معاف کرنا اور فراموش کرنا ہو گا ورنہ ملک آگے نہیں بڑ ھے گا، ہم سب کو ذاتی مفاد سے با لا تر ہو کر قومی مفاد کے لیے سوچنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ صاف پانی کمپنی کی تحقیقات پہلے پنجاب حکومت نے کی تب نیب کہاں تھا، صاف پانی اسکینڈل میں 70ارب روپے کی کرپشن کا راز میں نے فاش کیا،صاف پانی اسکینڈل کی اینٹی کرپشن سے انکوئری بھی کرائی تھی، قوم کے سامنے سرخرو ہوں،کرپشن ہے تو ضرور ہاتھ ڈالیں مرضی کے کیسز کا چناؤ نہ کیا جائے،چیئرمین نیب بلا امتیاز احتساب یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2013میں حکومت میں آئے تو بہت سے مسائل کا سامنا تھا، اس مسائلستان میں سب سے بڑا مسل? دہشت گردی اور بجلی کا مسل? تھا، 5برسوں میں بہت سے کام کر کے دکھائے، ہم نے منصوبوں میں کئی سو ارب روپے کی بچت کر کے دکھائی، بجلی کے بعد اب پانی کا بحران ہمیں خوف میں مبتلا کر رہا ہے۔ قومی کارپوریشنز کے خسارے ختم کرنا ہر حکومت کی ذمہ داری ہے،ہمارا سب سے اہم مسئلہ اور ایجنڈے پر سر فہرست پانی کا مسئلہ ہے،2018کا الیکشن بہت بڑا چیلنج اور دلچسپ ہو گا، موقع ملا تو کراچی کی ترقی کے لیے پہلے سے زیادہ بجٹ رکھیں گے، کراچی والوں سے بہت پیار ہے، اگر وفاقی حکومت ملی تو سندھ حکومت سے ملکر کام کریں گے، کراچی ہماری برآمدات اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، کراچی پاکستان کا گیٹ وے اور ہمارا معاشی حب ہے، کراچی کو کرانچی کہنے کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور کو بھی لوگ لہوڑ کہہ دیتے ہیں میں نے لطیف انداز میں بات کی تھی۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا،ساڑھے 10ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی،مسلم لیگ ن نے 4لاکھ ڈالر فی میگا واٹ میں بجلی بنائی ہے جبکہ مشرف اور زرداری نے 9لاکھ ڈالر فی میگا واٹ سے بجلی بنائی تھی،گیس پر چلنے والا 5ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگائے۔پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،جتنی بجلی کی پیدا وار ہو رہی ہے اس وقت اس کی طلب بھی اتنی ہے،بجلی پیدا کر لی اب تقسیم، تر سیل اور گردشی قرضوں کو کنٹرول کریں گے، ڈیم میں پانی کم ہونے سے رواں سال بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی،معیشت میں گراوٹ کی وجہ پچھلے ڈیڑھ سال کی صورت حال ہے،پنامہ فیصلے کے بعد ملک میں غیر یقینی صورت حال بنی،سستی بجلی بر آمدات معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی،گردشی قرضوں کو جس طرح کنٹرول کرنا تھا نہیں کر سکے،غلطیوں اور کوتاہیوں کو تسلیم کرنا ہو گا،دروغ گوئی نہیں کروں گا، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخواہ کی عوام کومایوس کیا ہے انہوں نے کے پی کے میں ایک اسکول یا ہسپتال نہیں بنایا بلکہ جنگلا بس کا بول بول کر خود بھی وہاں میٹرو بس شروع کروا دی۔

ہم کے پی کے کو پنجاب سے بہتر بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر الزامات لگائے، ان کے خلاف عدالت گیا لیکن وہ آج تک پیش نہیں ہوئے، پارٹی اختلافات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی میں ذاتی رائے اور چھوٹی موٹی ناراضگیاں ہوتی ہیں،سیاسی جماعتیں رجمنٹل فورسز نہیں جو اشاروں پر چلیں۔چوہدری نثار کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بیانات سے تلخیاں پیدا ہوئیں،تلخیوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

لندن جانے سے قبل چوہدری نثار کے ٹکٹ کے لیے نواز شریف کو منا لیا تھا۔چوہدری نثار نے پارٹی ٹکٹ کی درخواست نہیں دی تھی لہذا بورڈ غور نہیں کر سکتا تھا۔ چوہدری نثار کے ساتھ بہت اچھا رشتہ ہے، زعیم قادری کے بارے میں اچھے انداز میں بات کروں گا۔ زعیم قادری سے ہمیشہ اچھا تعلق رہا وہ دیرینہ ساتھی ہیں،الیکشن سے پہلے یا بعد میں ان سے ملاقات کروں گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات